مسلسل آڈیو لیکس ، جاسوسی کےخدشےکے پیش نظر عمران خان کی رہائشگاہ کا سرچ آپریشن
شیعیت نیوز: جاسوسی کے آلات نصب کرنے کے خدشے کے پیش نظر اسپیشل برانچ کے افسران نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زمان پارک لاہور رہائش گاہ میں سرچ آپریشن کیا۔ذرائع کے مطابق حالیہ آڈیو لیکس کے بعد عمران خان کو زمان پارک گھر کی جاسوسی کا خدشہ تھا جس کے تحت اسپیشل برانچ کے افسران نے جدید آلات کی مدد سے گھر کو چیک کیا۔ جاسوسی کے آلات کا معلوم کرنے کے لیے اسپیشل برانچ کے خصوصی ماہرین کی ٹیم پہنچی جنہوں نے جدید آلات کی مدد سے عمران خان کے گھر کا ہر ایک حصہ چیک کیا اور مختلف حصوں کا خصوصی معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں اسپیشل برانچ کی ٹیم نے گھر کو کلیئر قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈبلیوایم نے گرفتار علماءوعزاداروں پرقائم جعلی ومن گھڑت مقدمات ختم نہ کیئےجانے پر ملک گیر احتجاج کا عندیہ دےدیا
واضح رہے کہ عمران خان اور اُن کی اہلیہ کی اب تک متعدد آڈیو لیکس سامنے آچکی ہیں، جن کی پی ٹی آئی نے تردید نہیں کی البتہ اسے سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دوسری جانب عمران خان ان آڈیوز پر ردعمل دے چکے ہیں جن میں انہوں نے کہا ہے کہ میرے گھر اور فون کو ٹیپ کیا گیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جمعرات کو قوم سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ چوروں کے ٹولے کو تسلیم کروانے کے لیے گندی آڈیوز اور ویڈیوز سامنے لائی جارہی ہیں۔







