سدپارہ کے کوہ پیماء صرف گلگت بلتستان کیلئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے قابل فخر ہیں،وزیر زراعت کاظم میثم
شیعیت نیوز: عالمی یوم پہاڑ کی مناسبت ایک عظیم الشان تقریب کا اہتمام سدپارہ کے نامور کوہ پیماوں کی جانب سے منعقد کیا گیا۔ تقریب میں فورس کمانڈر گلگت بلتستان, منسٹر ایگریکلچر گلگت بلتستان و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم اور منسٹر ٹورزم راجہ ناصر علی خان نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت نے کہا کہ سدپارہ کے کوہ پیماء صرف گلگت بلتستان کے لیے قابل فخر نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے قابل فخر ہے۔ کسی بھی سطح پر انکی پذیرائی اور معاونت نہ ہونے کے باوجود پوری دنیا میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ سدپارہ اس وقت ٹریڈ مارک بن چکا ہے انکی صلاحیتوں کو دنیا مان چکی ہے لیکن باقاعدہ ادارہ نہ ہونے اور ٹریننگ نہ ہونے اور سرٹیفکیشن کا کوئی ادارہ نہ ہونے کے سبب انکی خدمات کو دوسرے ادارے اپنی جھولی میں ڈال دیتے ہیں۔ سدپارہ میں ماونٹینیرنگ سکول کے قیام سے ایک بڑا مسئلہ ہوگا اور اپنی اے ڈی پی سے ماونٹینیرنگ سکول کے لیے فنڈ رکھا جائے گا تاکہ اس کو صنعت کا درجہ دیا جاسکے اور پوری دنیا سے کوہ پیمائی اور کوہ نوردی کے شوقین یہاں سے تربیت حاصل کرسکے۔ ماونٹینیرنگ سکول کو عالمی سٹینڈرڈ کے مطابق قائم کرنے کے بعد گلگت بلتستان کوہ پیمائی کا نیا باب کھلے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیم، معیشت، ثقافت، حکومتی ڈھانچہ، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ، ان سب کے نظام میں استعماری سوچ موجود ہے،علامہ امین شہیدی
وزیر زراعت گلگت بلتستان نے اس تقریب میں شرکت کرنے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے والے تمام اداروں بالخصوص سدپارہ کے کوہ پیماوں اور دیگر جوانوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کوہ پیمائی کے دوران رحلت پانے والے کوہ پیماوں کے تمام بچوں کو اے پی ایس میں مفت تعلیم دینے، دنیا کے چودہ آٹھ میٹر سے بلند پہاڑوں کو سرکرنے کے لیے آمادگی کا اظہار کرنے والے جوانوں کو پاکستان آرمی کی طرف سے سپونسر کرنے نیز سدپارہ ماونٹینیرنگ سکول کی تعمیر کے لیے خصوصی معاونت کرنے پر فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل کا بھی شکریہ ادا کیا۔







