مقبوضہ فلسطین

فلسطینی مزاحمتی گروہ عرین الاسود نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا

شیعیت نیوز: مقبوضہ فلسطین میں اسلامی مزاحمتی گروہ عرین الاسود (شیروں کی کچھار) نے مغربی کنارے پر غاصب صہیونی فورسز اور یہودی آبادکاروں کے آئے دن حملوں کے پیش نظر ان سے مقابلہ کرنے کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

مزاحمتی گروہ عرین الاسود نے اپنے بیانئے میں راس العین کے مقام پر صیہونی فورسز کو نشانہ بنانے کی خبر بھی دی ہے۔ اس بیانئے میں فلسطینی شہریوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکل کر سڑکیں بند کر دیں اور غاصب یہودی آبادکاروں کے خلاف مزاحمت کا اظہار کریں۔

اسی طرح فلسطینی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غاصب صیہونی عناصر سے الجھ کر ہر ممکنہ ذریعے سے ان کا مقابلہ کریں۔

عرین الاسود نے اپنے بیانئے میں اعلان کیا ہے کہ جمعہ کی صبح صیہونی فورسز کو کئی مقامات پر جوابی کاروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیانئے کے مطابق نابلس کے علاقے راس العین میں مجاہدین نے غاصب صیہونی فورسز پر فائرنگ کی۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج کی غزہ میں فلسطینی دھڑوں کے ٹھکانوں پر بمباری

بیانئے میں فلسطینی شہریوں اور صحافیوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے ان کی جانب سے فلسطینی مجاہدین کے شجاعانہ اقدامات کی کوریج دینے کا خیر مقدم بھی کیا گیا ہے۔

صحافیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ رپورٹس تیار کرتے وقت مجاہدین کا چہرہ دکھانے سے پرہیز کریں۔

مزاحمتی گروہ عرین الاسود نے اپنے بیانئے میں حال ہی میں شہید ہونے والے 20 سالہ فلسطینی جوان عمار مفلح عدیلی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید عدیلی کا خون انقلاب اور مزاحمت کا ایندھن ثابت ہو گا۔

یاد رہے شہید عمار مفلح عدیلی نابلس کے جنوب میں واقع حوارہ علاقے میں غاصب صیہونی فوجی کی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گیا تھا۔

اس فلسطینی جوان کی شہادت کے موقع کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ خود کو ایک صیہونی فوجی سے چھڑوانے کی کوشش کر رہا تھا جس نے اس کی گردن دبوچ رکھی تھی۔

صیہونی فوجی کے چنگل سے آزاد ہونے کے بعد دونوں میں ہاتھا پائی ہوتی ہے اور صیہونی فوجی انتہائی قریب سے اس فلسطینی جوان کو گولی مار کر شہید کر دیتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button