انڈونیشیا، ہولناک زلزلے میں 162 افراد جاں بحق اور 350 زخمی
شیعیت نیوز: انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں 5.6 شدت کے ہولناک زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 162 افراد جاں بحق اور 350 سے زائد زخمی ہوگئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 تھی اور اس کا مرکز جاوا کے مغربی علاقے میں 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ ہولناک زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت جکارتا میں بھی محسوس کیے گئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس میں انڈونیشین حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پیر کی صبح انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں آنے والے زلزلے سے متعدد عمارتیں گرگئیں، عمارتوں کے ملبے میں بہت سے لوگ دبے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وسطی چین میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے 38 افراد ہلاک ہو گئے
انڈونیشیا کے ڈیزازٹر منیجمنٹ کے ترجمان نے ہلاک خیز زلزلے میں 162 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ 350 افراد زخمی ہیں۔ جنھیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اب بھی کئی افراد عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ زخمیوں میں سے بھی درجن سے زائد افراد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی غلامی نا منظور کا نعرہ عوام کے دل اور ضمیر کی آواز ہے،علامہ مقصودڈومکی
واضح رہے کہ جزیروں پر مشتمل ملک انڈونیشیا میں زلزلے آنا معمول کی بات ہیں تاہم کبھی کبھی یہ نہاہت ہلاکت خیز ثابت ہوتے ہیں۔
اگست 2018 میں 500 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جب کہ 2 ہزار سے زائد زخمی اور 3 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے تھے۔ زخمیوں اور ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کے باعث اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی اور عملے کی قلت کا بھی سامنا ہے۔
ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں تاہم کھانے پینے کی اشیاء اور پینے کے پانی کی کمی ہے۔







