ایرانی فلکیات و فلکی طبیعیات ٹیم کی عالمی چیمپئن شپ میں ہیٹ ٹرک، اسپیکر قالیباف کی مبارکباد

05 اکتوبر, 2026 13:07

شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایران کی قومی فلکیات و فلکی طبیعیات اولمپیاڈ ٹیم کو 19ویں بین الاقوامی اولمپیاڈ میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے مسلسل تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ قالیباف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ 5 طلائی تمغوں کا حصول پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے اور یہ نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں اور قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جنہوں نے دنیا کے مشکل ترین اور معتبر ترین سائنسی مقابلوں میں اپنا لوہا منوایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حرم امام حسینؑ کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ، کربلا اور بلتستان کے دینی روابط مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

انہوں نے مزید کہا کہ یہ عظیم کامیابی باصلاحیت طلبہ اور اساتذہ کی کئی سالہ مسلسل محنت، بہترین تربیت اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہے، جس کے ذریعے انہوں نے عالمی سطح پر ایران کا پرچم سائنسی میدان کی بلند ترین چوٹیوں تک پہنچایا ہے۔ واضح رہے کہ ایران کی قومی ٹیم نے ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں منعقدہ اس اولمپیاڈ میں حصہ لیا تھا۔ یہ بین الاقوامی مقابلہ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر 2026 تک جاری رہا، جس میں 66 سے زائد ممالک کے 320 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔

ایران کی جانب سے سارینا الم پور، محمد حسین حسینی، ہربد فودازی، حسین معصومی اور ارشیا میرشمس کاخکی نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے طلائی تمغے حاصل کیے۔ بین الاقوامی اولمپیاڈ برائے فلکیات و فلکی طبیعیات ہائی اسکول کے طلبہ کے لیے منعقد ہونے والا ایک باوقار سالانہ سائنسی مقابلہ ہے، جس کا بنیادی مقصد مختلف ممالک کے درمیان علمی روابط کو مضبوط کرنا اور علم و تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

2:08 شام اکتوبر 5, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔