دنیا

روس نے جوبائیڈن کے بھائیوں اور بہن سمیت 200 امریکیوں پر پابندی لگادی

شیعیت نیوز: روسی صدر پوٹن نے امریکی ہم منصب کے دو بھائیوں، ایک بہن ، چند دیگر رشتہ داروں اور پریس سیکرٹری سمیت 200 امریکی شہریوں کے روس میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے 200 سے امریکی شہریوں کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔ جن افراد پر روس میں داخل ہونے پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں امریکی صدر جوبائیڈن کے بھائی جیمس برین بائیڈن، فرانسس ویلیئم بائیڈن اور بہن ویلیری بائیڈن اونز شامل ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے دیگر رشتے داروں کے علاوہ پابندی کا شکار ہونے والوں میں ان کی پریس سیکرٹری کیرن جین پیئررے بھی شامل ہیں۔

روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں امریکہ کی جانب سے روس پر لگائی گئی پابندیوں کا ردعمل ہیں۔ امریکہ نے روس پر یہ پابندیاں یوکرین جنگ کے تناظر میں عائد کی تھیں۔

واضح رہے کہ روس اور یوکرین جنگ کو 8 ماہ مکمل ہوچکے ہیں اور اس دوران روس نے چار یوکرینی علاقوں کو جبری طور پر اپنی ریاست میں ضم کرلیا جس پر مغربی ممالک نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان کیوں ملتوی ہوا ؟طاہر اشرفی نے بتادیا

دوسری جانب امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں حکمران جماعت ڈیمو کریٹس کو سینیٹ میں ایک نشست سے برتری حاصل ہو گئی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق کٹرین کورتِز ماستو نے نیواڈا کے سابق اٹارنی جنرل ایڈم لاکسالٹ کو شکست دے دی، اس طرح حکمران جماعت ڈیمو کریٹس کو سینیٹ میں ایک نشست سے برتری حاصل ہو گئی اور اس وقت سینیٹ میں ڈیمو کریٹس کو 50 اور رپبلکنز کو 49 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

جارجیا کی سینیٹ کی نشست کا مقابلہ ابھی باقی ہے جس کے لیے آئندہ ماہ 6 دسمبر کو ووٹنگ ہو گی۔

دوسری جانب ایوان نمائندگان کے اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق رپبلکنز کو 211 اور ڈیمو کریٹس کو 204 نشتیں ملی ہیں۔

سامنے آنے والے نتائج کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی الیکشن کے نتائج پر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button