مشرق وسطی

بحرین، سیاسی جماعتوں نے نمائشی پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کردیا

شیعیت نیوز: بحرین کی سب سے بڑی سیاسی جماعت جمعیت الوفاق نے شاہی حکومت کی جانب سے کرائے جانے والے نمائشی پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ اس درمیان آل خلیفہ حکومت نے سیاسی قیدیوں کے اہل خانہ کو پوپ فرانسس سے ملنے سے روک دیا

بحرین میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی سیاسی جماعت جمعیت الوفاق کی جانب سے جاری کیے جانے والے مختصر کتابچے میں شاہی حکومت کی جانب سے کرائے جانے والے نمائشی پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی سو سے زائد وجوہات کا ذکر کیا گیا ہے۔

کتابچے میں جن ایک سو انتالیس وجوہات کا ذکر کیا گیا ہے ان میں قانون اور آئین کی خلاف ورزی، انتخابی عمل کے کم ترین معیاروں پرعمل نہ ہونے اور آزادانہ ماحول میں رائے دہی کے فقدان اور سیاسی گھٹن جیسے معاملات شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نمائشی پارلیمانی انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی اسمبلی عوام کی نمائندہ ہونے کے بجائے ایک نمائشی اسمبلی ہوگی اور شاہی خاندان کی جی حضوری کے سوا کچھ نہیں کرے گی۔

بحرین کی شاہی حکومت نے بارہ نومبر کو ملک میں پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراق میں داعشی سرغنہ اپنے دہشت گرد ساتھیوں سمیت ہلاک

اس سے پہلے بحرین کی اسلامی انقلابی تحریک کے قائد آیت اللہ عیسی قاسم نے عوام سے انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انتخابات مزید ظلم ڈھانے کے لیے کرائے جارہے ہیں۔

بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے شاہی حکومت کے خلاف پرامن عوامی تحریک جاری ہے۔ بحرین کے عوام خاندانی آمریت کے بجائے مکمل جمہوری نظام کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

بحرین میں انقلابی تحریک کے آغاز سے اب تک دسیوں بحرینی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی ہزار لوگوں کی شہریت منسوخ کردی گئی ہے اور ہزاروں افراد کو جیل میں بند کردیا گیا ہے ۔

انسانی حقوق کے اداروں اور تنظیموں نے کئی بار آل خلیفہ حکومت کی جانب سے مخالفین کی سرکوبی کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی اصلاحات کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ بحرین کی سیکورٹی فورس نے سیاسی قیدیوں کے اہل خانہ کو عالمی کیتھولک رہنما پوپ فرانسس سے ملاقات کرنے سے روک دیا ہے۔

اس بارے میں جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر سزائے موت پانے والے بحرینی شہریوں کے اہل خانہ اور بہت سے دوسرے افراد پوپ فرانسس کے قافلے کے راستے میں کھڑے ہیں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحرین کا دورہ کرنے والے پوپ فرانسس نے عیسی ٹاؤن کے ایک اسکول میں بچوں اور اساتذہ سے خطاب بھی کیا ہے۔

اس موقع پر بچوں نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بقائے باہمی نعرہ نہیں، عمل ہے ، سیاسی قیدیوں کو رہا کرو اور فرقہ وارانہ تعصب ختم کرو جیسے نعرے درج تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button