عراقی فضائیہ کے لڑاکہ طیاروں کا آپریشن، داعش کے کئی ٹھکانے تباہ، متعدد دہشت گرد ہلاک
شیعیت نیوز: عراقی فضائیہ کے لڑاکہ طیاروں نے فضائی آپریشن کر کے داعش کے کئی خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی فضائیہ کے لڑاکہ طیاروں نے صوبہ دیالہ کے قرہ تپہ علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں دہشت گرد گروہ داعش کے بچے کچے ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے اور دہشت گردوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم ابھی تک ہلاکتوں کی تعداد سامنے نہیں آئی۔
رپورٹ کے مطابق داعش کے دہشت گرد ان ٹھکانوں کو عوام کو اغوا کرنے، ٹارچر کرنے اور عراقی سیکورٹی فورسز کے خلاف حملے کرنے کیلئے استعمال کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : مظلوموں کی آواز، قاسم سلیمانی جیسے شہیدوں کی آواز ہے، صدر سید رئیسی
دوسری جانب عراق کے مذہبی اور سیاسی رہنما مقتدی صدر نے مسلمانوں میں لڑائی جھگڑے ، جنگ و تشدد اور احتلافات ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق عراق میں صدر دھڑے کے رہنما مقتدی صدر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں پہلے مرحلے میں مسلمانوں میں لڑائی جھگڑے ، فتنہ و فساد، جنگ و تشدد اور اختلافات ختم اور بعد کے مرحلے میں ادیان الہی کے درمیان اختلافات کا خاتمہ کئے جانے اور اسی طرح ان تمام عناصر سے دوری اختیار کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا جو دین کی آزادی اور عقیدے کی خلاف ورزی کرتے ہیں ۔
انھوں نے قومی اور مسلکی اختلافات بھی ختم کئے جانے پر زور دیا اور کہا کہ مسلمانوں کی اکثریت رکھنے والے ممالک کو چاہئے کہ جنگ و اختلافات کا خاتمہ کرانے اور دینی عقائد کا احترام و تحفظ کئے جانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ مقتدی صدر کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ عراق میں گذشتہ سال کے انتخابات اور حکومت کی تشکیل میں ناکامی کے بعد ہم آہنگی کے دائرے میں وزیراعظم بنائے جانے کے لئے محمد شیاع السودانی کا نام پیش کیا گیا جس کی صدر دھڑے نے مخالفت کی جس کے بعد عراق، سیاسی تعطل کے ایک اور مرحلے میں داخل ہو گیا۔







