سعودی ولی عہد بن سلمان کے دورے کے خلاف لندن میں مظاہرہ
شیعیت نیوز: سیکڑوں لوگوں نے سعودی ولی عہد کے مجوزہ دورہ برطانیہ کے خلاف ، لندن میں مظاہرہ کیا ہے۔
لندن میں سعودی سفارت خانے کے سامنے ہونے والے اس مظاہرے میں انسانی حقوق کے کارکن، آل سعود حکومت کے مخالفین کے علاوہ ، بڑی تعداد میں برطانوی شہری بھی شریک تھے۔
سعودی ولی عہد بن سلمان، سرکاری دعوت پر، ملکہ ایلزیتھ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچے ہیں۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر قاتلوں کا بائیکاٹ کرو، خاشقجی کو انصاف دو، یمن کی جنگ بند کرو جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین، آل سعود مردہ باد اور بن سلمان مردہ باد کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود پاکستان سمیت دنیا بھرسے زائرین کی اربعین پر کربلا میں ریکارڈ حاضری
قابل ذکر ہے کہ معروف صحافی جمال خاشقجی کو اکتوبر دوہزار اٹھارہ میں ، ترکی کے شہر استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے میں ، سعودی عرب کے انیٹیلی جینس اہلکاروں نے قتل اور ان کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے کچرے میں ڈال دیا تھا ۔
لندن میں مظاہرہ میں شریک لوگوں نے سعودی عرب میں شہری اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کی گرفتاریوں اور انہیں سزائیں دیئے جانے کی بھی مذمت کی۔
پریشر گروپ دی کمپین اگینسٹ دی آرمز ٹریڈ (سی اے اے ٹی) نے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ ملکہ کی آخری رسومات کو انسانی حقوق کے اپنے سیاہ ریکارڈ پر پردہ ڈالنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، مزکورہ گروپ کا اندازہ ہے کہ آٹھ سال قبل یمن میں تباہ کن جنگ شروع ہونے کے بعد سے برطانیہ وہاں لڑنے والے سعودی قیادت والے اتحاد کو 23 بلین ڈالر سے زیادہ کا اسلحہ فروخت کر چکا ہے۔







