کابل میں روسی سفارت خانے کے قریب دھماکہ، 20 افراد جاں بحق

06 ستمبر, 2022 08:12

شیعیت نیوز: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں روسی سفارت خانے کے دو ملازمین سمیت بیس افراد جاں بحق ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ روسی سفارت خانے پر اسٹوڈنٹ ویزے کی لائن میں لگے طلبا کی بھیڑ میں کیا گیا ۔

اگرچہ بیس افراد کے مارے جانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم صحیح اعداد و شمار ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔

طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے روسی سفارت خانے کے قریب ایک خود کش حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں روسی سفارت خانے کے سکینڈ سیکریٹری اور ایک سیکیورٹی ملازم بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یمن کے عوام یمن کی تقدیر کے بارے میں حتمی فیصلہ کر سکتے ہیں، ڈاکٹر امیر عبداللہیان

روس کے ایوان صدر کے ترجمان پسکوف نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے دہشت گردانہ اقدام قرار دیا ہے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ حملہ آور کی جلد شناخت کر لی جائے گی۔

افغانستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے دعووں کے برخلاف وہ ملک میں اب تک امن قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں روسی سفارت خانے کے باہر خودکش دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکے میں روسی سفارتی عملے کے دو افراد ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کابل پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے سفارت خانے کے دروازے تک جانے کی کوشش، جس پر اہلکاروں نے اسے گولی مار دی، جس کے نتیجے میں دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔

5:25 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top