ضلع کرم کے فخری سادات کا روحانی پیشوا مست بابا کی زیارت کی فوری تعمیر نو کا مطالبہ
شیعیت نیوز: ضلع کرم کے فخری سادات نے روحانی پیشوا مست بابا کی زیارت کی فوری تعمیر نو کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مزار کی مسماری سے ان کے لاکھوں عقیدت مندوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کرم کے فخری سادات کے رہنماؤں سید رضا حسین فخری، ڈاکٹر سید حسین جان، ڈاکٹر صابر حسین، سید ہدایت حسین، قاضی سید سرتاج حسین، چیئرمین سید اخلاق حسین، سید کفایت حسین، سید حامد حسین، سید جمال حسین، سید محمد افضل، قاضی سید، ذوالفقار علی شاہ، الطاف حسین اور دیگر رہنماؤں نے اورکزئی میں روحانی پیشوا مست بابا کے مزار کی مسماری پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ 87 ہجری میں بنائے گئے مست بابا کے مزار پر بدامنی کے دور میں تعمیر و مرمت اور زیارت جانے پر پابندی لگائی گئی تھی مگر اب امن قائم ہوگیا ہے اس وجہ سے مزار کی مرمت و زائرین کو جانے کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈبلیوایم ملک بھرمیں سیلاب زدگان میں اشیائے خوردونوش ، خیمےاور ضروریات زندگی کی تقسیم میں مصروف ہے، ناصرشیرازی
انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مکاتب فکر کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور اجازت نہ ملنے کی صورت میں روحانی پیشوا مست بابا کے لاکھوں عقیدت مند احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ روحانی پیشوا مست بابا کے اورکزئی، ہنگو اور ضلع کرم پاراچنار سمیت ملک بھر میں لاکھوں تعداد میں عقیدت مندوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا جائے۔ رہنماؤں نے صدر، وزیر اعظم، آرمی چیف، وزیراعلی، کمشنر کوہاٹ ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام سے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔







