یمن

یمنی عوام کو ہمیشہ دشمن کی سازش کے مقابلے میں آمادہ رہنا چاہئے، چیئرمین مہدی المشاط

شیعیت نیوز: یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے چیئرمین مہدی المشاط نے ناپائیدار جنگ بندی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام کو ہمیشہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے اور ان کے منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لئے آمادہ رہنا چاہئے۔

المیادین کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے چیئرمین مہدی المشاط نے کہا ہے کہ یمن اور سعودی اتحاد کے درمیان فائربندی کی شرطوں کی بنیاد پر یمنی عوام کو ہر قسم کی سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے اس لئے کہ ابھی جنگ ختم نہیں ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یمنی عوام کامیابی کے حصول تک سعودی اتحاد کے حملوں اور اس کی جارحیت کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

اس درمیان یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران جنگ بندی کی ایک سو چونسٹھ بار خلاف ورزی کی ہے۔

یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے آپریشنل روم کے ذریعے نے بتایا ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور سعودی اتحاد کے ڈرون طیاروں نے نجران میں الصوح کے علاقے کی فضا میں جاسوسی پروازیں انجام دیں جبکہ جارح سعودی اتحاد نے رہائشی علاقوں اور یمن کی مسلح افواج کے ٹھکانوں پر حملہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی اتحاد ہمارے آبی ذخائر کو جوہری مواد سے آلودہ کر رہا ہے، یمن

سعودی اتحاد کے ڈرون اور جنگی طیاروں نے اسی طرح الحدیدہ، تعز، مآرب، حجہ، صعدہ، جیزان، ضالع اور نجران میں یمنی شہریوں کے رہائشی مکانات اور یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، گولہ باری کی اور راکٹ حملے کئے۔ ان ذرائع کے مطابق سعودی اتحاد نے مارٹرہتھیاروں کا بھی استعمال کیا۔

ان ذرائع کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی اور ڈرون طیاروں نے یمن کے صوبے الحدیدہ میں رہائشی علاقوں اور یمن کی مسلح افواج کے ٹھکانوں پرکئی بارحملہ کیا۔ جبکہ یمن کے مختلف دیگر صوبوں منجملہ مآرب، تعز، حجہ، صعدہ اور الضالع میں بھی ایسے ہی حملے کئے۔

سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ایسی حالت میں جاری ہے کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرینڈ برگ نے یمن میں جنگ بندی کی مدت میں مزید دو ماہ کی توسیع کئے جانے کا اعلان کیا تھا مگر سعودی اتحاد نے کبھی اس معاہدے کی پابندی نہیں کی۔

یمن کی مسلح افواج نے دشمن کو ناکو چنے چبوانے کے ساتھ ساتھ سعودی اتحاد کی ہر جارحیت کا منھ توڑ جواب دیا ہے اور سعودی اتحاد کو ہر طرح سے بھاری نقصان پہنچایا ہے جیساکہ یمن کی جنگ اب سعودی سرحدوں میں منتقل ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی سات سالہ جنگ کے دوران ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button