عراقی انٹیلی جنس ایجنسی نے اربعین کے راستے میں دہشت گردانہ کارروائی کا منصوبہ ناکام
شیعیت نیوز: عراق کی انٹیلی جنس ایجنسی نے اربعین حسینی میں شرکت کرنے والے زائرین پر دہشت گردی کی کارروائی کو ناکام بنانے کی خبر دی ہے۔
عراقی انٹیلی جنس ایجنسی نے کل(اتوار) صوبہ بابل کے شمال میں دھماکہ خیز مواد کے ساتھ داعش کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگانے کی خبر دی ہے اور اس بات کا اعلان کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر اربعین حسینی کی تقریب کے دوران دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ہم نے ہمیشہ اپنے شہداء کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کرکے پاک وطن سے اپنی لا زوال محبت کا اظہار کیا، علامہ مقصود ڈومکی
عراقی وزیراعظم کے دفتر سے وابستہ انٹیلی جنس بیورو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امام حسین (ع) کے چہلم کے ایام آتے ساتھ ہی وزارت داخلہ سے منسلک وفاقی انٹیلی جنس اور ریسرچ آرگنائزیشن نے کربلا کے اطراف کے علاقوں اور اس صوبے کی طرف جانے والے راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع سکیورٹی اور انٹیلی جنس پلان جاری کیا ہے۔
اس بیان کے مطابق، عراقی سکیورٹی فورسز نے حاصل کی گئی معلومات کی بنیاد پر، مشترکہ آپریشنز کمانڈ کے تعاون سے ایک پیشگی کارروائی میں صوبہ بابل کے علاقے جرف النصر میں داعش کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ جہاں سے مختلف خودکش جیکٹس اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
عراق کے انٹیلی جنس ایجنسی نے بیان میں مزید کہا کہ دہشت گردوں کا ارادہ تھا کہ اس دھماکہ خیز مواد کو امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں شرکت کرنے والے زائرین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کریں۔ اس کے علاوہ نو اگست کو عراقی فوج نے صوبہ دیالی میں زائرین حسینی کے خلاف دہشت گردانہ کارروائی کو ناکام بنانے کی خبر بھی دی ہے۔







