فلسطینیوں کے املاک کی مسماری، نئی ناجائز یہودی بستیوں کی تعمیر کرنا کھلی جنگ ہے، حماس
شیعیت نیوز: حماس نے قابض اسرائیلی اتھارٹی کی طرف سے ناجائز یہودی بستیوں کی تعمیر میں مسلسل اضافے اور آئے روز مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی عوام کے گھروں سمیت دیگر املاک کی مسماری کو فلسطینیوں کے خلاف کھلی جنگ قرار دیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس کے ترجمان حازم قاسم نے مقبوضہ فلسطین میں غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے ناجائز یہودی بستیوں کی تعمیر میں اضافے اور مقامی فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کر کے انہیں زبردستی جلاوطن کرنے کو ایک سنگین جرم قرار دیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حماس ہر گز فلسطین کی سرزمین اور قوم کے خلاف جارحیت برداشت نہیں کرے گی۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک اور بیان میں کہا کہ جب اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ، بین الاقومی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے تو دنیا اس کے سامنے خاموش تماشائی بن کر کھڑی ہے۔ حازم قاسم نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنی ذ مہ داری ادا کرتے ہوئے اسرائیل کو ان جرائم سے روکنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی قابض اتھارٹی نے شیخ رائد صلاح کے سفر پر پابندی میں توسیع کر دی
حماس کے ترجمان نے ناجائز یہودی بستیوں کی تعمیر کو فلسطینی قوم اور سرزمین کے خلاف براہ راست جنگ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت کا یہ اقدام غیر قانونی ہے اور وہ ایسے اقدامات کے ذریعے فلسطین کا تشخص تبدیل نہیں کر سکتی۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ غاصب صہیونیوں کے یہ مجرمانہ اقدامات کھلم کھلا انجام پا رہے ہیں اور صہیونی حکومت عالمی قوانین اور عالمی اداروں کی رپورٹوں کی پرواہ بھی نہیں کرتی۔
انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ فلسطین میں غاصب صہیونی رژیم کے جارحانہ اقدامات کا فوری سدباب کریں۔
یاد رہے کچھ عرصہ قبل ایک اعلی سطحی صہیونی عہدیدار نے کہا تھا کہ تل ابیب مغربی کنارے میں مزید یہودی بستیاں تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور وہ اس بارے میں امریکہ کو بھی آگاہ کر چکا ہے۔ اس عہدیدار نے دعوی کیا تھا کہ اگر یہ نئی یہودی بستیاں تعمیر نہ کی گئیں تو موجودہ کابینہ اقتدار سے ہاتھ دھو بیٹھے گی۔
اسی طرح مختلف میڈیا ذرائع بھی یہ رپورٹ دے چکے ہیں کہ غاصب صہیونی رژیم مغربی کنارے میں 4000 فلیٹس پر مشتمل نئی یہودی بستی تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔







