حالات کا تقاضا ہے کہ ایک اور عاشورہ برپا کرنے کیلئے آمادہ رہا جائے،علامہ ساجد علی نقوی

09 اگست, 2022 00:02

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عاشورہ محرم الحرام 1444ھ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے نواسۂ پیغمبر اکرم (ص)، سید الشہداءؑ، امام عالی مقام کسی خاص مکتب یا گروہ کے نہیں بلکہ پوری امت کے ہادی، پیشوا اور امام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ علیہ السلام کے خطبات، مکتوبات اور وصایا نے واضح کردیا کہ آپ کی جدوجہد، آپ کا سفر، آپ کا قیام، آپ کی شہادت اور پھر آپ کے خانوادے کے پابہ زنجیر طویل سفر کا مقصد ذات، مفادات، شہرت، دولت، فقط حکومت یا نمود و نمائش نہیں تھا بلکہ صرف اور صرف اصلاح امت اور فلاح امت تھا، اس جدوجہد نے اس اصول کی بنیاد ڈال دی ہے کہ جب بھی، جس دور میں بھی، جس خطے میں بھی اور جن حالات میں بھی اس قسم کی صورت حال درپیش ہو تو عظیم مقاصد اور اجتماعی مفادات کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ 10 محرم 61ھ کے بعد جب بھی حریت کی تاریخ رقم ہوئی، جب بھی ظلم کے خلاف قیام کا مرحلہ آیا، جب بھی فساد کے خاتمے کی جدوجہد ہوئی اور جب بھی جبر سے مسلط رہنے والی حکومتوں کی مزاحمت کی بات نکلی تو سب حریت پسندوں اور تمام تحریکوں نے حسینؑ اور کربلا سے ضرور استفادہ کیا۔ قبل ازیں عاشورہ کا لغوی اور لفظی مفہوم علمی حد تک تو عیاں تھا لیکن 61ھ کے بعد روز عاشور امام حسینؑ کے اسم گرامی کے ساتھ منسوب ہوگیا اور عاشورہ کی عملی شکل امام عالی مقام کے کردار سے سامنے آئی اور اس انداز سے اجاگر ہوئی کہ عاشورہ حریت کی ایک تعبیر بن گیا اور جب بھی عاشورہ کا ذکر ہوا تو انسان کے ذہن میں امام حسینؑ اور ان کی لازوال قربانی کا نقش اجاگر ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: شیعہ لاپتہ افراد کیلئے آواز بلند کرنا جرم بن گیا، مرکزی جلوس کراچی میں تقریر کرنیوالے نوجوان کی گرفتاری کی کوشش

انہوں نے کہا کہ روز عاشور سے قبل شب عاشور بھی اپنے اندر ایک الگ تاریخ کی حامل ہے، جب امام عالی مقامؑ نے عاشورا کے حقائق سے اپنے ساتھیوں، جانثاروں اور بنو ہاشم کو آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ عاشورا برپا ہونے کی عملی شکل کیا ہوگی؟ اور اس میں کس کس کو کیا کیا قربانی دینا پڑے گی؟ آپ نے جب اپنے اصحاب و انصار کو عاشورا کی حقیقت یعنی اٹل موت سے باخبر کیا تو ساتھ ساتھ انہیں اپنے راستے کے انتخاب کی آزادی بھی فراہم کی اور کسی قسم کا حکم یا جبر اختیار نہیں کیا بلکہ انہیں اختیار دیا کہ وہ عاشورا کے راستے کا انتخاب کریں یا کربلا سے چلے جائیں، یہی وجہ ہے کہ شب عاشور جب چراغ گل کرایا گیا تو انسانوں کی تقسیم نہ ہوئی بلکہ ضمیروں کی شناخت ہوئی، کھوکھلے دعووں کی بجائے نظریہ کی پختگی کا اندازہ ہوا اور چند لمحوں کی وابستگی دائمی نجات کی ضامن بن گئی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمات اور سیرت امام حسینؑ کی روشنی میں اصلاح امت کا سلسلہ ماضی میں بھی جاری رہا اور اب بھی جاری ہے، برائیوں اور مفاسد کو دور کرنے اور دنیا کو ایک ہمہ گیر عادلانہ نظام فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ سب سے پہلے اصلاح امت کا بنیادی فریضہ انجام دیا جائے، یہ فریضہ انجام دینے والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ امام حسینؑ کے فرامین، کردار، سیرت، انداز عمل اور جدوجہد سے استفادہ کریں، اصلاح امت کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے اپنے مسلکی، فروعی، ذاتی اور جماعتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد امت، وحدت امت اور اصلاح امت کا مشن جاری رکھیں، آج کی صورت حال 61ھ کی صورت حال کے مشابہ ہے لیکن انداز و ماحول نیا ہے، آج بھی حسینؑ ابن علیؑ کربلا سے صدائیں بلند کر رہے ہیں کہ کوئی آئے اور ہمارا ساتھ دے، آیئے ہم حسینؑ ابن علیؑ کا ساتھ دیں اور ان کی صدا پر لبیک کہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صوبائی دار الحکومت پشاور میں شب عاشور کے تمام ماتمی جلوس برآمد ہوگئے

انہوں نے کہا کہ احکام خداوندی اور شریعت نبوی پر عمل پیرا ہوکر اپنے اچھے اور مضبوط کردار کے ذریعے، کردار سیدہ زینبؑ اور سیرت حضرت زین العابدینؑ پر عمل کے ذریعے، مشن حسینؑ اور اسلام کے عادلانہ نظام کے لیے عملی جدوجہد کے ذریعے، دشمن کے عزائم اور مظالم سے اتحاد و اخوت اور وحدت کے ساتھ نبرد آزما ہونے کے ذریعے اور اس راستے میں اگر مشکلات پیش آئیں حتیٰ کہ شہادت کی سعادت بھی نصیب ہو تو اس کے لئے اپنے آپ کو تیار رکھا جائے بلکہ حالات کا تقاضا ہے کہ ایک اور عاشورہ برپا کرنے کے لئے آمادہ رہا جائے۔ آخر میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے فلسطینی دارالحکومت غزہ کے مختلف مقامات پر تیسرے روز بھی اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں معصوم شہریوں کے شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری پر اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی قرار دیتے ہوئے حملوں کی شدیدی الفاظ میں مذمت کی اور عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ نہتے فسلطینیوں پر اسرائیلی حملے رکوانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

10:10 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top