حماس کی صیہونی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینی مجاہدوں کی شجاعت و دلیری کی قدردانی
شیعیت نیوز: تحریک حماس نے کہا ہے کہ فلسطینی نو جوانوں نے شجاعت و دلیری سے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غرب اردن کے مختلف شہروں منجملہ نابلس اور قباطیہ پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینی مجاہدین کی بہادری، شجاعت و دلیری کی قدردانی کی۔
تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے فلسطینی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جبکہ فلسطینی جیالوں نے جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
تحریک حماس کے ترجمان نے کہا کہ غاصب صیہونیوں کو سیاسی و سیکیورٹی بحران کا سامنا ہے اور وہ فلسطینیوں کی استقامت کا مقابلہ کرنے کی توانائی نہیں رکھتے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج کے ساتھ مسلح جھڑپوں کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید، 9 زخمی
اس سے قبل فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت اور ظلم و ستم پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطین کی تحریک استقامت شہدا کا خون ہرگز پایمال نہیں ہونے دے گی۔
واضح رہے کہ آج غرب اردن میں غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں دو فلسطینی شہید اور 9 زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل کے شام پر کیے گئے تازہ حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔ یہ حملہ جمعہ کے روز کیا گیا، پچھلے کچھ عرصے سے آئے روز اسرائیل شام میں فضائی حملے کررہا ہے۔
حماس نے اپنے مذمتی بیان میں اسرائیلی حملے کو عرب قوم کے خلاف اسرائیلی جرائم کے سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا ہے۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ‘ اسرائیلی فوجی یلغار کی حوصلہ افزائی ان قوتوں کی طرف سے کی جاتی ہے جو خطے میں قابض ریاست کو مضبوط بنارہی ہیں۔
‘ترجمان حماس کے مطابق اس صورت حال میں تیزی امریکی صدر جوبائیڈن کے اسرائیل کے دورے کے بعد آئی ہے۔ جوبائیڈن نے اسرائیلی دورے کے دوران اعلی فوجی حکام سے بھی ملاقات کی۔ جوبائیڈن بعد ازاں سعودی عرب کے دورے پر گئے۔ جہاں ان سے عرب قیادتوں سے ملاقاتیں کیں۔







