طاقت کے ذریعے اقتدار مسلط کرنا امریکہ کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، محمد بن سلمان

شیعیت نیوز: سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ عراق اور افغانستان دونوں ملکوں میں امریکہ کامیاب نہیں ہو سکا، طاقت کے ذریعے اقتدار مسلط کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
جدہ میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ طاقت کے ذریعے اقتدار مسلط کرنے کی کوشش کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے جیسے عراق اور افغانستان میں ہوا، عراق اور افغانستان دونوں ملکوں میں امریکا کامیاب نہیں ہوسکا۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ 2021 میں افغانستان میں ہونے والے ڈرون حملوں میں ہلاک افراد کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں، صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل پر بھی امریکی اقدامات پر سوال اٹھتے ہیں۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ سعودی شہری جمال خاشقجی کے ساتھ جو ہوا وہ افسوس ناک ہے، مملکت نے اس حوالے سے تمام قانونی طریقہ کار اپنائے ہیں اور مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کے لیے مزید طریقہ کار بھی ترتیب دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی صحافی جمال خاشقجی کے وکیل دبئی میں گرفتار
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان کچھ اقدار مشترک ہیں جبکہ کچھ متضاد معاملات ہوسکتے ہیں، متضاد معاملات کا احترام کرتے ہوئے امریکہ اور سعودی عرب کو اپنے اختلافات کے باوجود ایک ساتھ رہنا چاہیے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ٹیلیفونک رابطہ میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
العالم نیوز چینل کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں عید کی مبارکباد دی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے تفصیلی گفتگو کی ہے۔
یہ رابطہ اس وجہ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ ترک صدر رجب طیب اروغان اور روسی صدر ولادیمیر پوتین آئندہ ہفتے ایران پہنچ رہے ہیں۔ آئندہ ہفتے ایران، روس اور ترکی کے صدور کا خطے کے حالات کے بارے تہران میں اہم اجلاس ہونے جا رہا ہے۔