حرم امام علی رضا ؑ میں عید غدیر کے موقع پر ہر عمر کے لوگوں کے لئے جشن کا اہتمام کیا گیا

19 جولائی, 2022 06:08

شیعیت نیوز: حرم امام علی رضا علیہ السلام کے ادارہ تبلیغات کے سربراہ نے عید غدیر کے جشن کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

حجت الاسلام والمسلمین شریعتی نژاد نے بتایا کہ عید غدیر کے موقع پر ہر عمر کے لوگوں کے لئے جشن کا اہتمام کیا گیا ہے ،عید اللہ اکبر یعنی عید غدیر کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کے تمام صحنوں اور رواقوں میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے ۔

انہوں نے شب عید غدیر کے پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حرم مطہر رضوی کے صحن پیامبر اعظم(ص) میں شب عید کے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں حجت الاسلام والمسلمین محمد رضا رنجبر،حجت الاسلام والمسلمین علی رضا پناہیان اورحجت الاسلام والمسلمین حسین علی سعدی خطاب کریں گے اور آخر میں اہلبیت اطہار(ع) کی شان میں قصیدے اور منقبتیں بھی پڑھی جائیں گی۔

جناب شریعتی نژاد نے کہا کہ شب عید غدیر کے موقع پر جہاں صحن پیامبر اعظم(ص) میں ایرانیوں کے لئے جشن کا اہتمام کیا گیا ہے وہیں غیرملکی زائرین کے لئے بھی مختلف پروگرام اور جشن منعقد کئے جائیں گے۔

روز عید غدیر کا مرکزی پروگرام گیارہ بجے حجت الاسلام والمسلمین محمد وحیدی کے خطاب کے ساتھ شروع ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : عید غدیر کی مناسبت سے مسجد جمکران میں پروگرام کا انعقاد

تقاریر ،قصیدہ خوانی و منقبت خوانی،معرفتی شستیں،دینی معلومات کے مقابلے، دینی شبہات و سوالات کے جوابات وغیرہ وہ جملہ پروگرام ہیں جو رواق حضرت زہرا(س) میں خواتین کے لئے منعقد کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید یہ بتایا کہ عید غدیر کے موقع پر ’’خبر بزرگ‘‘ کے عنوان سے مقابلہ منعقد کیا جائے گا جس میں قرعہ اندازی کے ذریعہ 110 افراد کو حرم مطہر رضوی کی جانب سے متبرک تحائف سے نوازا جائے گا۔

حرم مطہر رضوی کے منتظمین اور خادمین کی جانب سےعشرہ ولایت اور عید غدیر کی مناسبت سے مشہد مقدس کے مضافات میں 20 ہزار متبرک کھانے تقسیم کئے جائیں گے، زائرین و مجاورین کے لئے خصوصی طور پر حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں دسترخوان بچھایا گیا ہے ،اس کے علاوہ بارہ ہزار افراد کو حضرت امام رضا(ع)کے مہمانسرا میں دوپہر اور شام کا کھانا کھلایا جائے گا ۔

عید غدیر کے موقع پر پہلی بار حرم امام رضا(ع) کے رواق کودک میں بچوں کے لئے دسترخوان بچھایا جائے گاجس میں جشن کے اختتام پر بچوں کو دوپہر کا کھانا دیا جائے گا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ان ایّام میں روزانہ 90 ہزار افراد کو چایخانہ حضرت پر چائے کے ساتھ چار لاکھ کیک اور آٹھ لاکھ شربت کے گلاس سے زائرین و مجاورین کی پذیرائی کی جارہی ہے ۔

عید غدیر کے اس پر مسرت موقع پر حرم امام علی رضا علیہ السلام کے 25 مقامات پر دولاکھ تیس ہزار پھولوں اور ٹہنیوں سے سجاوٹ کی گئی ہے ،ایوان کے دروازوں پر1294مربع میٹر پرکتبے نصب کئے گئے ہیں،اس کے علاوہ رنگ برنگ پرچم سمیت مختلف لائیٹوں سے حرم امام رضا علیہ السلام میں چراغانی کی گئی ہے۔

زائرین کی کثیر تعداد کو مدّ نظر رکھتے ہوئے 27 امدادی طبی مراکز،11ایمبولینسز،25 برقی گاڑیوں سمیت ویل چیئر پر زائرین کو حرم میں لانے والے 150 افراد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان ایّام میں تمام ریلیف دینے والے ادارے زائرین کے لئے چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے اور زائرین و مجاورین کو خدمات و سہولیات فراہم کرتے رہیں گے۔

12:16 شام مارچ 13, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔