سعودی عرب کا اسرائیلی پروازوں کے لئے فضائی حدود کھولنے کا اعلان

شیعیت نیوز: سعودی عرب نے آج صبح غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی پروازوں کے لئے اپنی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق آج صبح سعودی عرب کے سیول ایویئیشن کے ادارے کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ ریاض نے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی چین و ہندوستان جانے والی پروازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی فضائی حدود اب ان تمام فضائی کمپنیوں کے لیے کھلی ہیں جو اوور فلائٹس کے لیے بین الاقوامی کنونشنز کے تحت اس کی شرائط کو پورا کرتی ہیں جن کے مطابق سول طیاروں میں کوئی امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب اور صیہونی حکومت کے درمیان مصالحتی اقدامات کے اعلان کا امکان
اسرائیل سے آنے اور جانے والی چند فلائٹس کا سعودی عرب کی فضائی حدود سے نہ گزرنا پروازوں کے دورانیے میں اضافے اورزائد ایندھن کے استعمال کا سبب بن رہا تھا۔ سعودی عرب کے فیصلے سے اسرائیل سے آنے اور جانے والی مزید اوور فلائٹس کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی عرب کی جانب سے فضائی حدود کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سعودی عرب نے یہ اقدام اس وقت اٹھایا جب گذشتہ شام جعلی صیہونی ریاست اسرائیل نے مصر کے زیر کنٹرول آبنائے تیران میں موجود دو جزیرے تیران و صنافیر کو سعودی عرب کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب نے 1950 میں ان دو جزیروں کو مصر کے حوالے کیا تھا اور اب امریکی ثالثی میں مصر، سعودی عرب اور جعلی ریاست اسرائیل کے مابین سه فریقی مذاکرات کے بعد مذکورہ دونوں جزیرے سعودی عرب کو واپس کر دیے گئے ہیں۔
درحقیقت یہ عمل غاصب صیہونی ریاست اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی بحالی کے لئے اٹھائے جانے والے ابتدائی اقدامات کا حصہ ہے۔