اسلامی تحریک نے علامہ ساجدعلی نقوی کی ہدایت پر ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا
شیعیت نیوز: اسلامی تحریک پاکستان نے20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ سربراہ تحریک علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت کی روشنی میں علامہ شبیر میثمی اور علامہ ناظرتقوی نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان وفاقی وزیر خرم دستگیر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اسلامی تحریک پاکستان کے مابین صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لیے مفاہمت طے پا گئی ہے جس کے تحت اسلامی تحریک پاکستان پنجاب کے 20 حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔
اس امر کا اعلان مسلم لیگ ن کے رہنماء وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر اور اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے رہنماؤں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ اور مسلم لیگ کے رہنماء سابق ڈپٹی میئر ذیشان نقوی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سانحہ6 محرم ملہوالی اٹک میں ملوث کالعدم سپاہ صحابہ کے 3 دہشت گرد رہا
اس موقع پر وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور اسلامی تحریک پاکستان کے رہنماؤں میں کامیاب مذاکرات کے بعد یہ مفاہمت طے پائی ہے جس کے تحت صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا ایک اہم کردار رہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس مفاہمت کے بہترین اثرات کے نتیجے میں مستقبل میں بھی اسلامی تحریک پاکستان ملک و قوم کے بہترین مفاد اور جمہوریت کی بقا میں جاری مشترکہ جدوجہد میں ساتھ دے سکے گی۔ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ ملک و قوم بہترین مفاد میں مفاہمت یقیناً ثمر آور ثابت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی شیعہ علماءکونسل کے رہنما علامہ شبیر میثمی اور دیگرسے ملاقات
انہوں نے کہا کہ اس مفاہمت کے نتیجے میں 17 جولائی کو صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں میں منعقدہ ضمنی انتخاب میں اسلامی تحریک پاکستان پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن مفاہمت کے نکات پر جلد عملدرآمد ممکن بنا کر عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گی۔







