روسی شہر بیلگوروڈ میں پے در پے دھماکے ، تین ہلاک

04 جولائی, 2022 04:05

شیعیت نیوز: یوکرین کی سرحد کے قریب روسی شہر بیلگوروڈ میں پے در پے دھماکوں میں کم سے کم تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے سرحدی بیلگوروڈ کے گورنر ویاچسلاؤگلاڈکوف نے اعلان کیا ہے کہ اس شہر میں ہونے والے پے در پے دھماکوں کے بعد رہائشی عمارتوں میں آگ لگ گئی ہے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ گلادکوف کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ شہر بیلگوروڈ یوکرین کے لوگانسک اور خارکف سے ملحق روس کے سرحدی علاقے میں واقع ہے اور یہاں یوکرین پر روس کے حملوں کے بعد سے ہی شدید جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔ روس نے حالیہ مہینوں میں یوکرین پر الزام لگایا ہے کہ اس نے شہر بیلگوروڈ میں ایندھن کے ایک گودام پر ہیلی کاپٹر سے حملہ کیا ہے اور اس شہر کے اطراف میں کئی دیہاتوں پرفائرنگ کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ ایران کے حوالے سے اپنے رویے کی اصلاح کرے، چین

دوسری جانب روس کی وزارت دفاع نے یوکرین کے رہائشی علاقوں پر بمباری کے دعووں کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس سمیت بعض مغربی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ روس نے جنوب مغربی یوکرین کے ساحلی شہر اودیسا سے پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سرہیوکا شہر کے رہائشی علاقے پر بمباری کی جس میں کم سے کم اکیس افراد ہلاک ہوگئے۔

یوکرینی صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ روسی لڑاکا طیاروں سے داغے جانے والے کم سے تین میزائل ایک رہائشی عمارت اور پناہ گزین کیمپ پر لگے ہیں ۔

دوسری جانب روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ حکومت یوکرین ایک اشتعال انگیز اقدام کی تیاری کر رہی ہے جس کے تحت روسی فوج پر عام شہریوں کے قتل عام ، شہری تنصیبات کو تباہ کرنے اور کلسٹر بموں کے استعمال کا الزام لگائےجائیں گے۔

یوکرین کی جنگ پانچویں مہینے میں داخل ہوگئی ہے جبکہ روسی حملے پر ردعمل اور کیف کے لیے اسلحے کی فراہمی کا سلسلہ بدستور جاری رہے۔

1:04 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top