عراق، ترکی کے غیر قانونی فوجی اڈے زلیکان پر راکٹوں کی بارش
شیعیت نیوز: میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ موصل کے علاقے ’’بعشیقه‘‘ میں ترکی کےغیر قانونی فوجی اڈے زلیکان پر راکٹوں سے حملہ ہوا ہے۔
صابرین نیوز کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے صوبۂ نینوا کے علاقے ’’بعشیقه‘‘ میں ترکی کےغیر قانونی فوجی اڈے زلیکان پر راکٹوں سے حملہ ہوا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس فوجی اڈے پر گراڈ نامی 5 راکٹ داغے گئے۔ چند روز قبل بھی اسی فوجی اڈے پر 4 راکٹ داغے گئے تھے۔
راکٹ حملوں سے ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصانات کے بارے میں مزید تفصیلات موصول نہیں ہو سکی ہیں۔
اس سے قبل بھی عراق میں ترکی کے فوجی اڈے کئی بار راکٹ حملوں کا نشانہ چکے ہیں۔ غیرملکی فوجیوں کی غیرقانونی موجودگی سے ناراض عراق کی مزاحمتی تنظیموں نے اب امریکی دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ترکی کے فوجیوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اربیل کے ضلع الحریر میں امریکی فوجی اڈے پر پھر حملہ
دوسری جانب خبری ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکوک میں داعش دہشت گردوں کے اجتماع کے مرکز پر عراقی فورسز نے کارروائی کی ہے۔
السومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز ایف 16 طیاروں نے عراق کے شمالی علاقے کرکوک میں داعش دہشت گردوں کے اجتماع کے مرکز پر 3 راکٹ داغے۔ عراقی جوانوں نے بدھ کے روز بھی صوبہ دیالہ میں داعش کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
عراقی فورسز کے ترجمان یحیی رسول نے عراق کے صوبوں نینوا اور کرکوک میں داعش کے 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
عراق نے ایران کی مدد سے داعش کو باضابطہ طور پر شکست دی جس کے بعد اب ملک کا کوئی بھی علاقہ اس ٹولے کے اختیار میں نہیں رہا تاہم شکست خوردہ تکفیری جراثیم اب روپوش ہو گئے ہیں جو گاہے بگاہے عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرکے امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔







