مقبوضہ فلسطین

فلیگ مارچ اسرائیلی ناکامیاں چھپانے کی کوشش ہے، شیخ عکرمہ صبری

شیعیت نیوز: اسرائیل اپنی ناکامیوں کی خفت مٹانے کے لیے ایک مرتبہ پھر فلیگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ یہ بات اسلامک کونسل یروشلم کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری  نے کہی ہے۔

انہوں نے اس اقدام کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بیت المقدس کے قدیم شہر میں انتہا پسند یہودی آبادکاروں کا اگلے اتوار کو فلیگ مارچ کا اعلان ایک ایسی کوشش ہے جس سے اسرائیلی حکومت اپنی ناکامیوں کے بوجھ کو چھپانا چاہتی ہے۔

ایک اخباری بیان میں شیخ عکرمہ صبری نے واضح کیا کہ مقبوضہ ریاست ہر سطح پر ناکامی سے دوچار ہے۔ ان ناکامیوں نے اسے حواس باختہ کردیا ہے۔ وہ اپنی خفت مٹانے کے لیے انتہا پسند یہودیوں کے اس فلیگ مارچ کی تیاریوں میں ہے تاکہ قدیم شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کی جائے۔

شیخ عکرمہ صبری نے مسلمانوں اور فلسطینیوں کو خبردار کیا ہے کہ فلیگ مارچ مسجد اقصیٰ کا رخ کرے گا تاکہ یہ دکھایا جاسکے کہ اسرائیل کو اس خطے پر اقتدار حاصل ہے۔ مسجد اقصیٰ بھی اس کے اقتدار اعلیٰ کے قبضے میں ہے۔

انہوں نے اسرائیلی عدالتی فیصلے کی بھی مذمت کی ہے جس کے تحت ان یہودیوں کو تالمودی عبادات کی مسجد میں ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ بلامقصد اور بے جواز اقدام ہے۔ اس سے اسرائیل کی بدنیتی صاف نظر آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قبلہ اول اور مقدس مقامات کا ہرقیمت پر دفاع کریں گے، فلسطینی استقامتی اتحاد

دوسری جانب مسلمانوں اور مسیحیوں کو بیت المقدس کے لیے بھرپور اور مشترکہ آواز بلند کرنا ہو گی۔ یہ بات مسیحی اسلامی کونسل کے رکن فادر مینوئل سالم نے گذشتہ روز کہی ہے۔

انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں اگلے اتوار کو سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مسجد اقصیٰ پر انتہا پسند یہودیوں کی ممکنہ یلغار کو روکا جا سکے۔ انہوں نے پورے علاقے میں سب کو متحرک ہونے کے لیے کہا ہے۔ فلسطینیوں سے انہوں نے کہا ہے کہ اس دن ساری سڑکیں بلاک کردیں۔

فادر مینوئل نے انتہا پسند یہودیوں اور آبادکاروں کا مقابلہ کرنے کے لیے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو کسی بھی نقصان سے بچانے کے لیے ان کے مکروہ عزائم کا سامنا کرنا ہوگا۔ اس سے قبل اسرائیلی عدالت نے آبادکار یہودیوں کو مسجد میں اپنی تالمودی عبادات کرنے کی اجازت دی تھی۔ فادر نے کہا ہے کہ یہ مقدس مقام ہر طرح سے مسلمانوں کا ہے اور اس کا احترام لازم ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button