حزب اللہ کے حامیوں کا انتخابات میں کامیابی پر جشن
شیعیت نیوز: لبنان میں اتخابات کے غیر سرکاری نتائج آنے کے بعد حزب اللہ کے حامیوں نے اپنے جیتنے والے امیدواروں کی فتح کا جشن منایا۔
فارس نیوز کے بین الاقوامی ڈیسک کے مطابق، لبنان میں نئے پارلیمانی انتخابات (اتوار، 15 مئی) منعقد ہوئے۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور ابھی تک حتمی نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں حزب اللہ اور ان کی شیعہ اتحادی جماعت امل کے متعدد حامیوں نے اپنے بعض امیدواروں کی کامیابی کے غیر سرکاری نتائج کا اعلان کرتے ہوئے سڑکوں پر جشن منایا۔
حزب اللہ مخالف اتحاد کے ترجمان سمجھے جانے والے اخبار ’’النہار‘‘ نے اس حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ اور امل کے حامی موٹر سائیکلوں اور کاروں میں لبنان کی سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے امیدواروں کی حمایت میں نعرے لگائے۔
اس اخبار کا مزید کہنا تھا کہ سینکڑوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار افراد نے حزب اللہ اور امل کے پرچم اُٹھائے ہوئے ان عوامی اجتماعات میں شرکت کی۔
اسی حوالے سے ’’یو نیوز‘‘ نے خبر دی ہے کہ ووٹوں کی گنتی شروع ہونے اور کچھ غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے ساتھ لبنان کے جنوبی علاقوں میں جشن منایا گیا، جن میں شیث نبی، ضاحیہ اور نبطیہ کے علاقے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ لبنان کے وزیر داخلہ نے انتخابات کے اختتام پر میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ موجودہ الیکشن میں ووٹنگ کی اوسط شرح اکتالیس فی صد رہی۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی برادری کا دوہرا معیار انسانیت اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، علامہ ساجد نقوی
دوسری جانب گذشتہ روز لبنان میں انتخابات کے دوران ملک اور حزب اللہ کی اہم شخصیات نے اپنے اپنے حلقوں میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
’’النشرہ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی مختلف شخصیات نے بھی اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ ڈالا۔
مشل عون نے بیروت کے علاقے ’’حارہ حریک‘‘ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور لبنان کی عوام سے انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کی اپیل کی۔
لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی نے طرابلس میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور اعلان کیا تھا کہ تمام ادارے کامیاب انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہیں۔
لبنان کے وزیر داخلہ بسام المولوی نے بھی طرابلس میں ووٹ ڈالا اور کہا کہ وہ درپیش آنے والی مشکلات کو حل کریں گے۔
حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین سید ہاشم صفی الدین نے جنوبی لبنان کے علاقے صور میں اپنا ووٹ ڈالا اور سب سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔
حزب اللہ کے شریعہ بورڈ کے سربراہ شیخ محمد یزبک نے بھی اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد مقاومتی حامیوں کو فتح کا مژدہ سنایا۔
لبنان کے سابق وزیراعظم فواد السنیورا نے صید کے علاقے میں ایک پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ میں ان لوگوں سے اپیل کرتا ہوں جنہوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے کہ وہ اس کے نتائج کے بارے میں تھوڑا سوچیں۔
حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بھی بیروت کے علاقے الباشورہ میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور موجودہ انتخابات کو اہم اور تاریخ ساز قرار دیا۔







