اتحاد و وحدت سے ہی دشمن کی سازشوں کا ناکام بنایا جاسکتا ہے، راہیان کربلا کنونشن سے مقررین کا خطاب

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں جاری تین روزہ مرکزی راہیان کربلا کنونشن کے آخری روز منعقدہ وحدت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے رہنما صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ اپنی بے پناہ صلاحیتوں سے ملک کی دینی جماعتوں کو مجتمع کیا۔ اج حقیقی معنوں میں ایسی ہی دانشمند قیادت کی ضرورت ہے۔
جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ قوم کا حقیقی درد رکھنے والے ہی رہبری کا حق رکھتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا اپنی قوم اور دیگر مکاتب فکر کے لیے اخلاص قابل تقلید ہے۔ ایسے شخص کو تاحیات سربراہ ہونا چاہیئے۔
جماعت اہلحدیث کے امیرضیا اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا درک کرتے ہوئے فکری ہم آہنگی کے لیے مکمل طور پر بیدار رہنا ہو گا۔ فکری انتشار کا خاتمہ حکم ربی ہے۔ آج ایک سٹیج پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کی موجودگی وحدت و اخوت کا عملی اظہار ہے۔
مرکزی راہیان کربلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء پاکستان کے صدر سید حسنین گردیزی نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان وحدت کی بنیاد دین ہے۔ شیعہ علماء اتحاد و اخوت کو اپنا شرعی فریضہ سمجھتے ہوئے اس کے لیے کوشاں ہیں۔ مسلمان جتنے ایک دوسرے کے قریب ہوں گے ان کامستقبل اتنا ہی زیادہ روشن ہو گا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا کہ شیعہ سنی اتحاد کو حقیقی شکل دینے کے لیے ایم ڈبلیو ایم نے انتھک جدوجہد کی۔ یہ مجلس وحدت مسلمین کی کامیابی ہے کہ آج تکفیری گروہوں اور عالم استعمار کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے امام بارگاہ جامع الصادق میں تمام مکاتب فکر کے علماء ہم فکر و ہم آواز ہیں۔