مقبوضہ فلسطین

بیت المقدس میں ظلمت کی تاریک شب جلد کافور ہوجائے گی، امام قبلہ اول الشیخ نواھضہ

شیعیت نیوز: مسجد اقصیٰ کے خطیب اور فلسطین کے ممتاز عالم دین الشیخ نواھضہ نے فلسطینی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ قبلہ اول کے ساتھ اپنا ربط قائم رکھیں تاکہ غاصب صہیونیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق الشیخ اسماعیل نواھضہ نے مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں نے جس مذہبی جذبے کے ساتھ ماہ صیام میں قبلہ اول کو آباد کیا ہے، وہ تسلسل باقی مہینوں میں بھی برقرار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کے دفاع اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے فلسطینی قوم، مسلم امہ اورعرب اقوام کو اپنی صفوں میں اتحاد اوریکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

الشیخ نواھضہ کا کہنا اسرائیل بیت المقدس کے تاریخی اور دینی مقامات کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے تاکہ مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کی اجارہ داری مسلط کرنے اور مسریٰ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر دھاووں کی راہ ہموار کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل زوال پذیر ہونے والا ہے اور بیت المقدس پر طاری شب تاریک جلد صبح روشن میں تبدیل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : مسجد اقصیٰ میں عشاء کی اذان پر اسرائیلی پابندی مذہبی آزادی پرحملہ ہے، حماس

دریں اثنا سخت ترین پابندیوں کے باوجود ہزاروں فلسطینیوں نے مسجدالاقصی میں نماز جمعہ ادا کی۔

فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق مسجد الاقصی میں 20 ہزار فلسطینیوں نے نماز جمعہ ادا کی۔

غاصب صیہونی فوجیوں کی تمام تر نافذ کردہ پابندیوں اور محدودیتوں کے باوجود فلسطینی عوام دسیوں ہزار کی تعداد میں نماز جمعہ پڑھنے کیلئے مسجد الاقصیٰ میں اکٹھا ہوئے۔

اس سے چند روز قبل قدس کی غاصب و جابر صیہونی حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں اور سکیورٹی حصار کے باوجود مسجدالاقصی میں نماز عیدالفطر کا روح پرور اجتماع منعقد ہوا تھا جس میں 2 لاکھ فلسطینیوں نے شرکت کی تھی۔

مسجد الاقصی شہر بیت المقدس میں اہم ترین اسلامی و فلسطینی تشخص کا حامل مرکز ہے اور غاصب صیہونی حکومت اس تشخص کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتی رہی ہے تاہم اب تک فلسطینیوں کی ہوشیاری و استقامت کی بدولت غاصب صیہونی حکومت کی ہر سازش ناکام رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button