علامہ ساجد نقوی کی اپیل پرایس یو سی اور جے ایس او کے تحت ملتان میں القدس ریلی نکالی گئی
شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک بھر میں جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے عنوان سے منایا گیا۔ ملتان میں شیعہ علما کونسل اور جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام سورج میانی اور سوتری وٹ سے نواں شہر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور نواں شہر چوک پر علما کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے علامہ سید علی رضا نقوی، سید ذیشان حیدر شمسی نے خطاب کیا۔
مظاہرے سے علامہ سید علی رضا نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کے ان بنیادی مسائل میں سے ایک ہے جس نے گزشتہ کئی عشروں سے امت مسلمہ کو بے چین کر رکھا ہے، ارض فلسطین جسے انبیا کی سرزمین کہا جاتا ہے اور بیت المقدس جو مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، اس وقت صہیونی ریاست کے قبضے میں ہے، ایک عالمی سازش کے تحت برطانیہ اور اس کے ہمنواوں کی کوششوں سے دنیا بالخصوص یورپ کے مختلف علاقوں سے صہینیوں کے اس سرزمین پر آتے ہی وہاں کے مقامی فلسطینی باشندوں کو ایک کنارے پر لگا دیا گیا، آہستہ آہستہ فلسطینیوں پر ظلم اس سطح پر پہنچ گیا کہ فلسطینیوں کو اپنے ہی ملک میں تیسرے درجے کا شہری بننا پڑا یا مجبور ہو کر ترک وطن کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سب سے بڑی آزادی قبلہ اول ریلی کا کراچی میں انعقاد، فضاء امریکا مردہ باد کی صداؤں سے گونج اٹھی
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے آج تک جو کیا ہے اس کے پیچھے امریکہ اور یورپ کی حمایت رہی ہے، عالمی اداروں میں فلسطین کے حق میں کئی قراردادیں آئیں لیکن امریکہ نے کبھی ان قراردادوں کو منظور نہیں ہونے دیا، امریکہ اور مغربی ملکوں کی بے جا حمایت نے اسرائیل کی غاصب ریاست کو اتنا جری بنا دیا ہے کہ وہ علی الاعلان عالمی اداروں کے فیصلوں کو نہیں مانتی، بلکہ ان فیصلوں اور قراردادوں کے خلاف عمل کرتی ہے۔ مظاہرے میں علامہ کاشف ظہور نقوی، علامہ مجاہد عباس گردیزی، علامہ سید علی سجاد نقوی، علامہ غلام مصطفی خان، علامہ عسکری مقدسی، سید علی ہاشم، بشارت قریشی، باقر بلوچ، مجاہد حسین، عاشق حسین، علی رضا دیگر نے شرکت کی۔







