پاکستان بھرمیں جمعتہ الوداع کے روز یوم القدس مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا
شیعیت نیوز: دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں بھی امام خمینی ؒ کے فرمان پر جمعتہ الوداع کے روز یوم القدس مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ کراچی لاہور ، اسلام آباد، کوئٹہ ، پشاور، گلگت ، سکردو سمیت مختلف چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہاتوں میں بعد نماز جمعہ جامع مساجد سے ریلیاں نکالی گئیں اور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کیئے گئے ۔ ملک بھر کی فضاء امریکامردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے نعروں سے گونج اٹھی۔
احتجاجی اجتماعات کا انعقاد امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان، شیعہ علماء کونسل پاکستان، اصغریہ آرگنائزیشن اور دیگر شیعہ تنظیموں کی جانب سے کیا گیا تھا ، جس میں لاکھوں خواتین ، مرد، بچوں اور بزرگ عاشقان بیت القدس نے شرکت کی ، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیل اور اس کے پشت پناہ امریکا کے خلاف نعرے درج تھے۔
مقررین نے ارض فلسطین اور قبلہ اوّل بیت المقدس پرقابض صیہونی ریاست اسرائیل کے نہتے مسلمانوں پر بہیمانہ مظالم کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے بعد امام خمینی نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کے لئےجمعتہ الوداع کے روزعالمی یوم القدس منانے کا اعلان کیا ۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی کشتی میں سوراخ ہو چکا ہے جو کوئی اس پر سوار ہو گا ڈوبنا اس کا مقدر ہو گا علامہ راجہ ناصرعباس
مقررین نے اپنے خطابات میں فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی کو یقینی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم حکمران امت مسلمہ کے بدترین خیانت کارہیں۔فلسطین ، کشمیر اور یمن میں ظالموں اور غاصبوں کے خلاف مزاحمت کاروں کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔بلاشمہ حماس اور جہاد اسلامی کا کردار لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غاصب ریاست کو تسلیم کرنے والے اسلام اور امت مسلمہ کے غدار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی کشتی میں سوراخ ہو چکا ہے جو کوئی اس پر سوار ہو گا ڈوبنا اس کا مقدر ہو گا۔انہوں نے کہا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے ہمیشہ فلسطین کے عوام کے حقوق کی بات کی ہے۔ وہ اسرائیل کو ایک غاصب ریاست قرار دیتے تھے۔پاکستان کے حکمران بانی پاکستان کی اس فکرپر عمل کرنے کے اصولی و اخلاقی طور پر پابند ہیں۔ اسلامی ممالک کو یوم القدس سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کر کے مظلومین فلسطین سے اپنی مذہبی وابستگی کا اظہار کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ عالم اسلام کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ جو حکمران امریکہ کواپنا خیرخواہ سمجھتے ہیں وہ مغالطے میں ہیں۔ اپنے مقاصد کے لیے مسلم حکمرانوں کو استعمال کرکے عبرتناک انجام سے دوچار کرنا امریکہ کا پرانا حربہ ہے۔مادر وطن کی سالمیت و بقا کے لیے ملک سے امریکی مداخلت کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔







