مسنون دردو کو متناع بنا کر امت میں نفاق ڈالنے کی مذموم کوشش ناکام بنائیں گے، علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی
شیعیت نیوز: ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی مناسبت سے اسلام آباد کے ہوٹل میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیرانتظام عظمت قرآن و درود کے عنوان سے کانفرنس منعقد ہوئی۔ عظمت قرآن و درود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ اصول دین میں تبدیلی کی گنجائش نہیں ہے، کیونکہ احکامات الہیہ پر من و عن عمل پیرا ہونا مومن کی پہچان اور نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا جس طرح قرآن کریم پر لاریب ایمان ہے، اسی طرح مسنون درود پر بھی کوئی اختلاف نہیں، لہذا ایسی مذموم کوششیں، جو امت میں نفاق کا ذریعہ بنیں، اس کو متحد ہو کر ناکام بنانا امت مسلمہ کا فرض ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا کہ نماز میں درود مسنون ہے، جسے ترک نہیں کیا جا سکتا، درود کے معاملے پر سابق حکومت نے نصاب تعیلم میں جو تبدیلی کی، وہ مسلمانوں میں نفاق کا باعث بنی۔ انہوں نے کہا کہ ملک عزیز میں اتحاد امت کے لیے ناگزیر ہے کہ موجودہ حکومت اس معاملے پر اہل اسلام کے تحفظات دور کرکے امت میں افتراق و انتشار کو دور کرے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اہل سنت عالم دین مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ قرآن مکمل ضابطہ حیات ہے، جس میں درود اہل محبت کا شعار بتایا گیا ہے، تاہم کچھ لوگ اہل محبت میں متفقہ علیہ امور کو چھیڑ کر افتراق پیدا کرنے کی کوششیں کرکے دین کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، جس کا اہل اسلام کے تمام جید فقہاء کو مل کر راستہ روکنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈبلیوایم کی جانب سے شہدائے فلسطین کی یاد میں شمع روشن اور تصویری نمائش کا اہتمام
کانفرنس سے مفتی حسیب نذیری، علامہ انیس الحسنین، مولانا محمود احمد تبسم، پیر سعید نقشبندی، سید اظہار بخاری، قاری علی اکبر نعیمی، علامہ سجاد ہمدانی، زاہد علی آخونزادہ، علامہ سید جعفر نقوی، علامہ قاسم جعفری، سید جہانگیر شاہ سعیدی، قاری علی جعفر، قاری محمد اشفاق چشتی اور قاری انعام الحق نے خطاب خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دشمن مسلمانوں کو تقسیم کرنے پر تلا ہوا ہے، ایسے حالات میں مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ اتحاد امت کو فروغ دے اور امت کی متفقہ علیہ امور کے خلاف مذموم کوششوں کو باہم متحد ہو کر ناکام بنائیں۔
علمائے کرام نے نصاب تعلیم سمیت درود و سلام کے معاملے پر اتحاد و اتفاق کا یونہی عملی مظاہرہ جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ عظمتِ قرآن و درود کانفرنس میں مختلف مسالک کے علما و مشائخ کے علاوہ سینیئر صحافی، مذہبی و سماجی شخصیات، دینی جماعتوں کے عہدیداران، دینی مدارس کے سربراہان و اساتذہ، آئمہ جمعہ و جماعت اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے زعما و اکابرین نے بھی شرکت کی۔







