مرکزی آزادی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی جائے گی

29 اپریل, 2022 05:01

شیعیت نیوز: حضرت امام خمینیؒ کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے 27 رمضان المبارک جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائے گا، اس موقع پر ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، مرکزی ریلی کراچی میں نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی جائے گی، حکومتِ پاکستان یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، فلسطینی آج بھی اپنے حق کیلئے کھڑے ہوئے ہیں، فلسطینیوں نے کامیاب جدوجہدسے ثابت کر دیا کہ مزاحمت میں عزت، وقار اور کامیابی ہے، فلسطین کی کامیابی عالم اسلام کی کامیابی ہے، فلسطینیوں کو مضبوط بنانے میں امام خمینیؒ، رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور شہید سردار قاسم سلیمانی کا بنیادی کردار ہے، شہید قاسم سلیمانی کو فلسطینیوں نے شہید قدس قرار دیا، ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ جب مسلمان قبلہ اول کو غاصب صیہونی ریاست سے آزاد دیکھیں گے، پاکستان میں دہشتگردی کے خطرات کے باعث یوم القدس کی ریلیوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ انتظامیہ اس میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے، موجودہ خطرات کے پیش نظر حکومتی انتظامیہ یوم القدس کی ریلی کے روٹ پر سیکورٹی سمیت دیگر اقدامات کا آغاز کرے، بصورت دیگر حکومت کی غفلت کے خلاف احتجاج کریں گے، ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری علامہ ناظر عباس تقوی، مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین اور جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری شبر رضا سمیت دیگر رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شیعہ علماءکونسل شعبہ خواتین کے تحت کراچی پریس کلب پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ

شیعہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ 1979ء سے قبل ختم ہو چکا تھا، عرب ممالک کی شکست در شکست کے بعد اسرائیل فلسطین پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہو چکا تھا، مگر انقلاب اسلامی ایران اور امام خمینیؒ کی کوششوں سے یہ مسئلہ پھر سے اجاگر ہوا، امام خمینیؒ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دیا، فلسطینی مجاہدین کی ہر طرح سے مدد کی اور فلسطین کے مسئلہ کو ایک عالمی تحریک بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ جانتے تھے کہ اسرائیل کو محض فلسطین تک محدود رہنے کیلئے مسلط نہیں کیا گیا ہے، بلکہ اسرائیل عالم اسلام پر قبضہ چاہتا ہے، اسی لئے امام خمینیؒ نے شروع سے اسرائیل کے خلاف جدوجہد شروع کی اور آج دنیا میں بسنے والا ہر مظلوم فلسطین کی آزادی کیلئے سینہ سپر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدس امت مسلمہ کا قلب ہے اور اسرائیل اس پر خنجر کی مانند ہے، دنیا بھر کے مسلمانوں پر واجب ہے کہ قبلہ اول کے تقدس و تحفظ اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کریں، ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ جب اسرائیل کا ناپاک وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

رہنماؤں نے کہا کہ مسلمان حکمران اگر غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے قبلہ اول پر چڑھائی کرنے والوں سے جرأت مندانہ انداز اختیار کرتے، تو آج فلسطین کا نقشہ مختلف ہوتا، اپنی بقا کیلئے فلسطین کے مسلمانوں نے ایک طویل اور صبر آزما جنگ لڑی ہے، جن مسلمان حکمرانوں نے اپنے اسلامی نظریات پر اسرائیل و امریکا کی تابعداری کو مقدم رکھا ہے، تاریخ ان کی اس سیاہ کاری کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: یوم القدس، ایم ڈبلیوایم کے تحت مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نورایمان پر ہوگا، علامہ باقرعباس زیدی

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے باشعور و باضمیر افراد یوم القدس کے موقع پر مظلوم کی حمایت اور ظالمین سے اپنی نفرت کا برملا اظہار کرتے ہیں۔ بانی انقلاب اسلامی امام خمینیؒ اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ دنیا کو اسرائیل کے سنگین خطرے سے بروقت متنبہ کیا تھا اور آج پوری دنیا اسرائیل کی دہشتگردانہ سوچ کا نشانہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ہونے والے ظلم و ستم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، عالمی برادری دوہرا معیار ترک کرے اور مسئلہ فلسطین کو فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں مثبت کردار ادا کرے۔

11:05 شام مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top