ایران کے پاس چند ہفتوں میں جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت موجود ہے، ترجمان جین ساکی
شیعیت نیوز: امریکی وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے دعوی کیا ہے کہ ایران چند ہفتوں کے دوران جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران چند ہفتوں کے دوران جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے۔ ایران کو اب جوہری ہتھیار تیارکرنے کے لئے ایک سال نہیں بلکہ چند ہفتے درکار ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی کا مزید کہنا تھا کہ یہ صورتحال امریکہ کے لئے یقیناً تشویش اورفکرمندی کا باعث ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے سے نکل گئی تھی جس کے بعد ایران نے اپنے جوہری پروگرام کوتیزی کے ساتھ آگے بڑھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے کسی پیشرفت سے روکنے اور مسئلے کوحل کرنے کے لئے سفارتی راستہ اختیار کرنا ضروری ہے اور مشترکہ ایٹمی معاہدے پر عمل اس کا بہترین راستہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ اسے ایٹمی ہتھیار بنانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال شرعی اور اسلامی قوانین کے مطابق جائز نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران، عراق، پاکستان و بھارت سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم القدس کی تیاری
دوسری جانب امریکی ریاست می سی سی پی کے شہر بلکسی میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے میں حملہ آور سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ بلکسی شہر میں میں ایک ہوٹل کے باہر پیش آیا جہاں ایک بتیس سالہ شخص نے تین افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا اور اسی علاقے کی قریبی سڑک پر فائرنگ کرکے ایک اور شخص کو ہلاک کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد حملہ آور ایک قریبی دوکان میں جا چھپا، بعدازاں پولیس جب دھوئیں کے گولے پھینکنے کے بعد دوکان کے اندر داخل ہوئی تو حملہ آور مردہ حالت میں پایا گیا ۔ اس کی موت کی وجوہات کے بارے میں پولیس نے تاحال کچھ نہیں بتایا۔
امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں ہرسال ہزاروں افراد ہلاک و زخمی ہوجاتے ہیں۔ امریکہ میں اسحلہ رکھنے کی کھلی آزادی ہے اور طاقتور اسلحہ انڈسٹری نے کسی بھی حکومت کو ملک میں گن کنٹرول قوانین بنانے کی اجازت نہیں دی ۔







