بابُ العلم مولاعلیؑ کا فرمان ہے اللہ اور بندے کے درمیان رشتے سے پائیدار کوئی رشتہ نہیں، طاہرالقادری
شیعیت نیوز: تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیدنا علی المرتضیٰ علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے شہر اعتکاف میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام نے حضرت امام حسنؑ کو نصیحت فرمائی کہ بیٹا! آپ دنیا کے لئے نہیں آخرت کیلئے پیدا کئے گئے ہیں، اللہ کے احکامات پر پختگی کیساتھ قائم رہنا اور موت کی حقیقت کو کبھی نظرانداز نہ کرنا۔
طاہرالقادری نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی یہ نصیحت قیامت تک کیلئے آنیوالے ہر بیٹے اور ہر بیٹی کیلئے زادِ راہ ہے۔ اس نصیحت کا ایک ایک حرف سنہری حروف کیساتھ لکھ کر ہمہ وقت ساتھ رکھنے کی ضرورت ہے۔ جس نے شہر علم کی اس نصیحت کو صدق دل کیساتھ پڑھ اور سمجھ لیا وہ کبھی گمراہ نہیں ہو سکتا اور نہ ہی دنیا کی یہ جھوٹی چمک دمک اُسے اپنی طرف مائل کر سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھ نکال دیں گے، ترجمان پاک فوج
طاہرالقادری نے کہا کہ شیرخدا نے اپنی اس نصیحت میں زندگی اور دنیا کی حقیقت اور آخرت کی قطعیت اور ناگزیریت کو پوری طرح کھول کر بیان کر دیا ہے۔ طاہرالقادری نے ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے اپنے صاحبزادے حضرت حسن مجتبیٰؑ کو نصیحت فرماتے ہوئے مزید کہا کہ بیٹا! یہ بات ہمیشہ پیش نظر رکھنا کہ یہ دنیا اور یہ زندگی عارضی اور فانی ہے، اپنے دل کو حوادث زمانہ کا مشاہدہ کرواتے رہنا اور تدبر سے کام لیتے رہنا، بڑے بڑے طاقتور لوگ اس دنیا میں آئے اور پھر چلے گئے۔
طاہرالقادری نے کہا کہ یہ دنیا ایک گزر گاہ ہے۔ عقل والے کبھی گزرگاہ پر ٹھکانے تعمیر نہیں کرتے، حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے فرمایا اللہ اور بندے کے درمیان جو رشتہ ہے اس سے زیادہ کوئی پائیدار، مستحکم اور فائدہ مند رشتہ نہیں ہوسکتا۔







