اقوام متحدہ کی یوکرین میں انسانی بنیادوں پر 4 روزہ جنگ بندی کی اپیل
شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے آرتھوڈوکس عیسائیوں کے مقدس ہفتے کے موقع پر یوکرین میں انسانی بنیادوں پر چار دن کے لئے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔
اینٹونیو گوٹیرس نے منگل کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو میں جمعرات سے اتوار 24 اپریل تک انسانی بنیادوں پر جنگ روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یوکرین کے لئے عید پاک کے انعقاد کی درخواست سے انسانی راہداری کے کھلنے کا موقع بھی فراہم ہوگا۔
انہوں نے کہا انسانی بنیاد پر جنگ بندی سے عام لوگوں کے جنگ زدہ علاقے سے انخلا اور ماریوپل، خرسون، دونتسک اور لوہانسک سمیت تباہ ہوئے علاقوں میں لوگوں کو انسانی امداد پہونچانے کا موقع فراہم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : آرتھوڈوکس چرچ کے آرچ بشپ کی یروشلم کی آزادی کیلئے اٹھ کر کھڑے ہونے کی اپیل
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ ادارہ ان علاقوں میں چار دن کی جنگ بندی کے دوران انسانی امداد پہونچانے کے لئے تیار ہے۔
ادھر اقوام متحدہ کے انسانی معاملوں میں نائب اور ہنگامی صورت حال میں مدد پہونچانے کے کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتس ماسکو-کی یف کے مابین مذاکرات کے لئے ترکی کا دورہ کرنے والے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ روس-یوکرین کے مابین جنگ کے آغاز سے اب تک دونوں ملکوں کے درمیان کئی دور کے مذاکرت مختلف سطح پر منعقد ہو چکے ہیں، لیکن تاحال ان مذاکرات کے نتیجے میں مکمل جنگ بندی نہیں ہو سکی۔ یہاں تک کہ ترکی میں یوکرین-روس کے وزرائے خارجہ کی سطح کے مذاکرات میں بھی خاطرخواہ پیشرفت نہیں ہوئی۔
دوسری جانب روس کی وزارت خارجہ نے نیدرلینڈز کے 15، بیلجیئم کے 21 اور آسٹریا کے 4 سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ غیرملکی سفیروں کو ملک چھوڑنے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دی گئی ہے۔ روس نے یورپی ممالک کے خلاف جوابی کارروائی میں یورپی ممالک کے درجنوں سفارت کارون کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے۔







