لاطینی امریکا میں فلسطینیوں کی مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

شیعیت نیوز: لاطینی امریکا کے فلسطینیوں نے فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل اسرائیلی جرائم اور خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں اور مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
چلی میں فلسطینی فٹبال کلب کے شائقین نے چلی کے دارالحکومت سینٹیاگو کے الکراما اسکوائر کے وسط میں فلسطینی پرچم لہرا کر’’سینٹیاگو کے ڈگنٹی اسکوائر سے مقبوضہ بیت المقدس کے حق میں نعرے لگائے۔
برازیل میں ڈیموکریٹک فلسطین کمیٹیوں نے تصویروں کی ایک نمائش کا اہتمام کیا، جس میں فلسطین اور القدس میں قابض اسرائیل کے جرائم کی عکاسی کی گئی تھی۔
دوسری طرف لاطینی امریکا اور کیریبین کی فلسطینی فیڈریشن کے سربراہ کوبلاک رافیل مصری نے کہا کہ یہ لاتینی امریکا اور کیریبین میں فلسطینی کمیونٹیز کا فرض ہے کہ وہ ان مظالم کی مذمت کریں جو اسرائیل ہر روز فلسطینیوں کے خلاف مغربی کنارے اور القدس میں کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی ادارے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی خلاف ورزیاں روکیں، وزیر خارجہ سیف الدین
انہوں نے اسرائیل کے مجرمانہ قبضے اور نسل پرستانہ حکومت کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی درجہ بندی میں دوہرا معیار نہیں ہو سکتا۔ جہاں ایک ماہ سے کچھ زیادہ عرصہ قبل روسی حملے سے پیدا ہونے والی یوکرین کی صورت حال کی وجہ سے دنیا مذمت کررہی ہے مگر وہی دنیا فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
دوسری جانب عبرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ آباد کاروں کی تنظیمات نے بدھ کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں قدیم شہر کی دیواروں کے گرد پرچم بردار مارچ کرنے کی درخواست اسرائیلی پولیس کو دی ہے ۔
تنظیمات نے اپنے حامیوں کو مقبوضہ بیت المقدس میں مغرب کے وقت جمع ہونے کی دعوت دی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی شام 5 بجے مارچ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ مارچ ’’مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی خودمختاری‘‘ کے عنوان کے تحت ہو گا۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ پرچم بردار مارچ الاسباط دروازے کے قریب اس جگہ سے گزرے گا جہاں اتوار کو آباد کاروں کی بسوں پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔