سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرے
شیعیت نیوز: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج اورہنگاموں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سویڈن میں مسلمان دشمن انتہا پسند تنظیم کی جانب سے قرآن پاک کے نسخے جلائے جانے کے بعد مختلف شہروں میں ہنگامے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
دائیں بازو کی مسلمان دشمن تنظیم نے سویڈن میں ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس میں قرآن پاک کے نسخے جلائے جارہے ہیں۔ اس گھناؤنی مہم کے خلاف سویڈن کے مختلف شہروں میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔
قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف گزشتہ 4 روز سے جاری احتجاج کے دوران پولیس اورمظاہرین میں جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ ہنگاموں کے دوران بس سمیت بہت سی گاڑیوں کوآگ لگا دی گئی۔ پولیس نے 30 سے زائد مظاہرین کوگرفتارکرلیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل اپنے سب سے برے دور سے گزر رہا ہے!، اخبار رای الیوم
قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ایران اورعراق نے سویڈن کے سفیرکو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔
عراقی وزارت خارجہ نے سویڈن کے سفارت خانے کے انچارج ڈی افیئرز کو ملک میں انتہا پسندوں کی طرف سے قرآن مجید کی توہین پر طلب کرلیا ۔
عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کے مطابق عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک کی وزار خارجہ نے بغداد میں سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کرکے قرآن کی بے حرمتی اور اس کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے خلاف عراقی حکومت کے احتجاج سے آگاہ کیا۔
عراقی حکومت نے سویڈن کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والے ایسے اقدامات کے اعادے کو فوری طور پر روکا جائے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ قرآن مجید کے بے حرمتی کے بارے میں سویڈن حکومت کو جواب دینے پڑے گا ۔سعید خطیب زادہ نے کہا کہ آزادی کے نام پر مسلمانوں کی دل آزاری ناقابل برداشت ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد سویڈن کے سفیر کی غیر موجودگی میں سویڈن کے ناظم الامور کو ایرانی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور سویڈش حکومت کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کو ختم کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے مستقبل میں اس کی عدم تکرار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔







