انفرادی مزاحمتی کارروائیوں کی مذمت، محمود عباس اسرائیل کے خادم بن گئے، حازم قاسم
شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے قابض اسرائیلی ریاست کے خلاف فلسطینیوں کی انفرادی مزاحمتی کارروائیوں کی مذمت پر کڑی تنقید کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر دفاع کا فلسطینی اتھارٹی کے فدائی حملوں پر مؤقف کے خیرمقدم سے ظاہرہوتا ہے کہ صدر عباس اسرائیلی دشمن کے بیانیے پر چل رہے ہیں۔
انہوں نے تل ابیب میں فلسطینی شہری کے حملے میں تین اسرائیلیوں کی ہلاکت کی مذمت کرکے اسرائیل کی خدمت بجا لانے کی کوشش کی ہے۔
ایک پریس بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کے خلاف انفرادی مزاحمتی کارروائیوں کی مخالفت کرکے مزاحمت اور تحریک آزادی کے حوالے سے قوم کے اجتماعی مؤقف سے انحراف کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل تل ابیب میں ہونے والے فدائی حملے پر صدر عباس نے اپنے رد عمل میں اس حملے کی مذمت کی تھی جب کہ دیگر فلسطینی قوتوں نے اس مزاحمتی کارروائی کی تحسین کی ہے۔
فلسطینی اتھارٹی کی ترجمان نیوز ایجنسی کے مطابق صدر عباس نے بے گناہ اسرائیلیوں کی ہلاکت کی مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں : دو صیہونیوں کو قتل کرنے والا فلسطینی نوجوان رعد فتحی شہید
دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے بیرون ملک امور کے سربراہ خالد مشعل نے گذشتہ روز اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں ایک فدائی حملے میں تین غاصب صیہونیوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی مجاہد رعد حازم کے والد سے ٹیلی فون پر بات کی۔
حماس رہنما نے شہید فلسطینی فدائی کے والد سے بات کرتے ہوئے رعد حازم کے اقدام کی تحسین کی۔ غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے رعد حازم کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے نے فلسطینی قوم پر مسلط قابض دشمن کے خلاف اور قوم کی آزادی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
اس موقعے پر خالد مشعل نے شہید کے والد سے کہا کہ ان کے بیٹے نے ثابت کیا ہے کہ فلسطینی قوم کی نئی نسل قابض دشمن کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہے اور دشمن فلسطینی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید رعد حازم کی شہادت کے نہ صرف فلسطینی قوم بلکہ پوری مسلم امہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اس کے فدائی حملے سے فلسطینی قوم کو ایک نیا حوصلہ اور ولولہ ملا ہے۔ فلسطینی قوم کی فتح ونصرت قریب ہے اور دشمن زوال کا شکار ہو کر رہے گا۔







