یوکرین میں روس کے حملے سے متعدد تیل کے گودام تباہ
شیعیت نیوز: روس نے یوکرین میں فوجی چھاونی پر میزائل سے حملہ کیا جس میں متعدد تیل کے گودام تباہ ہو گئے۔
روسی وزارت دفاع نے یوکرین میں فوجی چھاؤنی پر کیلیبر کروز میزائل سے حملے کی ویڈیو جاری کی۔
اسوشیئیٹڈ پریس کے مطابق، روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشنکوف نے یوکرین میں تیل کے ذخیرے کے چار گودام کے اس حملے میں تباہ ہونے کی خبر دی ہے۔
کوناشنکوف نے مزید کہا کہ یوکرین کے بنیادی ڈھانچوں کے خلاف روسی فوج کے حملے جاری ہیں۔
گزشتہ شب یوکرین کے میکولائیف، زاپروژا، خارکیف اور ژاگوئف میں تیل کے ذخیرہ کے چار گودام ہوا اور سمندر نے فائر ہونے والے میزائلوں سے تباہ ہو گئے۔
ان اڈوں سے خارکیف، میکولائیف اور دونباس کے اطراف میں یوکرینی فوج کے سازوسامان کے لئے ضروری تیل مہیا ہوتا تھا۔
یوکرین میں جنگ کا آج چالیسواں دن ہے۔ 24 فروری کو روسی فوج نے یوکرین کے خلاف فوجی کاروائی شروع کی۔ روس کا کہنا ہے کہ یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن، جنگ نہیں بلکہ یہ عالمی جنگ کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں روس کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے
دوسری جانب بیلاروس کے صدر الیکزینڈر لوکاشنکو نے یوکرین میں اسپیشل آپریشن کی خبر دی ہے۔
بیلاروس کے صدر نے یوکرین میں موجود کچھ بلاروس کے شہریوں کو آزاد کرانے کے لئے اسپیشل آپریشن انجام دینے کی خبر دی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بیلاروس کے صدر نے جمعرات کو کہا کہ یوکرین میں تقریبا سو شہریوں کو آزاد کرانے کے مقصد سے اسپیشل آپریشن انجام دیا ہے۔
اسپوتنک نیوز ایجنسی کے مطابق بیلاروس کے صدر کا کہنا تھا کہ اب یہ نوبت آ گئی ہے کہ ان کمبختوں نے ہمارے لوگوں کو، یعنی ہمارے ٹرک ڈرائیوروں کو جو یوکرین کی جھڑپوں سے پہلے وہاں موجود تھے، یرغمال بنا رکھا تھا۔
بیلاروس کے صدر نے اس آپریشن کے بارے میں کہا کہ انہوں نے ہمارے 1500 ٹرک اور ٹریلرز کو ضبط کر لیا ہے اور ہمارے تقریبا سو ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا ہے، میں یوکرین کو خبردار کرتا ہوں کہ ان افراد کی آزادی کے لئے ہم آپریشن شروع کر رہے ہیں اور ہم نے یہ آپریشن انجام بھی دیا۔
انہوں نے آپریشن کی تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ یہ آپریشن بغیر کسی کمی و بیشی کے انجام دیا گیا اور اگر یوکرین نے پھر ہمارے افراد کو یرغمال بنایا گیا تو مینسک دندان شکن جواب دے گا۔







