اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں روس کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے
شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جمعرات (7 اپریل) کو ایک قرارداد منظور کی جس میں روس کی اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے روس کو اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل سے معطل کرنے کی قرارداد منظور کرلی ہے۔
93 ممالک نے اس قرارداد سے اتفاق کیا، 24 ممالک نے اس کے خلاف ووٹ دیا اور 54 ممالک نے ووٹ نہیں دیا۔ ہیومن رائٹس کونسل سے روس کو معطل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو دو تہائی اکثریت ووٹس کی ضرورت تھی۔
ایران ان ممالک میں شامل تھا جنہوں نے قرارداد کی مخالفت کی تھی۔ اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے مجید تخت روانچی نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں قرارداد کے مسودے کو سیاسی قرار دیا اور کہا کہ ایران اس کے خلاف ووٹ دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : چین، روس اور یورپی ٹرائیکا کے تعمیری موقف/ امریکہ حقیقت پسدانہ رویہ اپنائے، ایران
امریکہ نے سوموار کو روسی فوجیوں پر بوچا شہر میں سینکڑوں شہریوں کے قتل کا الزام عائد کرنے کے بعد انسانی حقوق کونسل میں روس کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں کسی ملک کی رکنیت کی معطلی اس موضوع پر قرارداد کے لیے جنرل اسمبلی کے کم از کم دو تہائی ارکان کی حمایت سے مشروط ہے۔ انسانی حقوق کونسل 2006 میں قائم ہوئی تھی اور اس کے اب تک 47 ارکان ہیں۔ اس سے قبل 2011 میں کونسل میں لیبیا کی رکنیت معطل کر دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 2011ء اقوام متحدہ نے معمر قذافی کے حکومت مخالف مظاہرین پر پرتشدد کریک ڈاؤن کے ردِعمل میں لیبیا کو بھی انسانی حقوق کونسل سے معطل کیا تھا جس کے بعد اب روس ہیومن رائٹس کونسل سے معطل کیے جانے والا دوسرا ملک بن چکا ہے۔
یاد رہے کہ روس نے گزشتہ مارچ سے یوکرین پر فوجی حملے کا حکم دیا ہے۔ یہ پیش رفت ماسکو کی جانب سے مشرقی یوکرین میں ڈونیٹسک اور لوہانسک جمہوریہ کی آزادی کو باضابطہ طور پر تسلیم کیے جانے کے چند دن بعد سامنے آئی ہے۔







