مہذب سیاسی کلچر کو فروغ دے کر عوام کو انتشار سے بچایا جا سکتا ہے، علامہ ساجد علی نقوی

05 اپریل, 2022 10:29

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے آئین کی بالادستی اور جمہوری استحکام کو ہی وطن عزیز پاکستان کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکالنے کا واحد حل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئین کی تشریح کے انداز کی روشن اور واضح رہنمائی سے موجودہ بحران کو حل کر لیا جائے گا۔

تحریک عدم اعتماد پر پیدا شدہ بحرانی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ موجودہ آئینی و سیاسی بحران نے ملک میں انارکی کی سی صورتحال پیدا کر دی ہے، جو کہ عوامی سطح پر خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے، جس کیلئے اس بحرانی صورتحال سے فوری نمٹنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی کی حد تک پہنچا دیا گیا ہے، جو ناصرف ملکی سیاسیات کیلئے نقصاندہ ہے، بلکہ آئندہ نسلوں پر یہ غیر سیاسی روئیے منفی اثرات مرتب کریں گے، لٰہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی کلچر کو ایک بار پھر بہتر انداز میں روشناس کروانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: غیرت مند پاکستانیوں پر انجمن غلامان امریکہ قابض رہے ہیں جو ڈالر کے عوض اپنی دھرتی ماں بیچتے رہے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ چونکہ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، اس لیے امید کی جاتی ہے کہ عدلیہ آئین کی تشریح کے انداز کی واضح اور روشن رہنمائی سے ملک کو اس شدید بحران سے نکالنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی، تاکہ ملک میں سیاسی اختلافات اور سیاسی رویوں کو ذاتی دشمنیوں میں تبدیل ہونے سے روکا جا سکے، جس سے براہ راست عوام کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مہذب سیاسی کلچر کو فروغ دے کر عوام کو انتشار سے بچایا جا سکتا ہے، جبکہ انہوں نے آئین کی تشریح کے انداز کی واضح اور روشن رہنمائی کے ذریعہ ذاتی مفادات کے سدباب کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کا واحد حل آئین اور قانون کی حکمرانی میں مضمر قرار دیا۔

7:21 صبح اپریل 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔