امریکہ اور نیٹو ممکنہ روسی حملے کے لیے ہنگامی منصوبے بنا رہے ہیں، جیک سلیوان

شیعیت نیوز: امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ امریکہ اور نیٹو ممکنہ روسی حملے کے لیے ہنگامی منصوبے بنا رہے ہیں۔
یہ بات جیک سلیوان نے جمعہ کے روز ایئر فورس ون طیارے میں صحافیوں کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس نے روس کی طرف سے کیمیائی حملے کی صورت میں ہنگامی منصوبہ بندی کرنے کے لیے ماہرین کی ’’ٹائیگر ٹیم‘‘ کے نام سے ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔
جیک سلیوان جنہوں نے آج امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ پولینڈ کا دورہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ ابھی بھی اس کے پاس روس کے خلاف زیادہ اخراجات عائد کرنے کی صلاحیت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کی انٹیلی جنس سروس یوکرین کے ساتھ تعاون کر رہی ہے، اسرائیلی اخبار ہاریٹز
دوسری جانب افغانستان میں لڑکیوں کے اسکولوں کی بندش پر عالمی رد عمل سامنے آ گیا ہے۔
افغان نیوز ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے طالبان کی جانب سے لڑکیوں کے اسکولوں کی بندش پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے قطر میں طالبان اور امریکی وفد کے مابین ہونے والی ملاقات کو التوا میں ڈال دیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت تعلیم نے اپنے سابقہ بیان کے خلاف یہ اعلان کیا تھا کہ ملک میں چھٹی کلاس سے اوپر کی لڑکیوں کے تمام اسکول اور کالج غیر معینہ مدت کے لئے بند رہیں گے۔
افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت تعلیم نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ افغانستان میں جب بھی شریعت کے مطابق لڑکیوں کے اسکول کی ڈریس اور دوسرے مسائل حل کر لئے جائیں گے تب یہ اسکول طالبان رہنما کی ہدایات پر دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔
افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول کالج بند رکھنے کا فیصلہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ اس سے قبل طالبان نے ان اسکولوں اور کالجوں کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
افغانستان میں جب سے طالبان کی حکومت قائم ہوئی ہے اس ملک میں لڑکیوں کے اسکول اور کالج بند کر دیئے گئے ہیں جس کی وجہ تعلیمی نظام میں اصلاحات بتائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں تئیس مارچ سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوتا ہے۔