جرمنی کا یوکرین کو اینٹی ائیر کرافٹ میزائل فراہم کرنے کا فیصلہ
شیعیت نیوز: جرمنی نے یوکرین کو اینٹی ائیر کرافٹ میزائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جرمن میڈیا نے سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے روس کے خلاف یوکرین کو 2700 اینٹی ائیر کرافٹ میزائل دینے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ ’’اسٹریلا‘‘ میزائل سوویت دور کے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ان ہتھیاروں کو سوویت کے زیر کنٹرول ایسٹ جرمنی میں ایک مرتبہ دیکھا گیا جنہیں اب یوکرین کو دینے کے لیے گوداموں سے باہر لایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے جرمنی کی حکومت نے یوکرین کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے امریکی ساختہ اسٹرنگر میزائل اور ایک ہزار ٹینک شکن ہتھیار دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل یوکرین روانگی کے لیے تیار تھے تاہم ان کی روانگی کے لیے فیڈرل سکیورٹی کونسل کی منظوری بھی درکار ہے۔
ابتدا میں روسی حملے سے پہلے جرمنی کی حکومت نے یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا لیکن روسی حملے کے بعد جرمنی نے اپنا فیصلہ تبدیل کر دیا۔
روسی حملے کے بعد جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں ہماری ذمہ داری ہے کہ پیوٹن کی فوج کے حملے کے خلاف یوکرین کے دفاع میں اس کی مدد کریں۔
یہ بھی پڑھیں : یوکرائن بحران کے سلسلہ میں حزب اللہ کے پارلیمانی دھڑے کے سربراہ محمد رعد کا بیان
دوسری جانب مشرقی رومانیہ میں ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 فوجی ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر مشرقی رومانیہ میں ایک لاپتا لڑاکا طیارے اور اس کے پائلٹ کی تلاش کے لیے نکلا تھا جو گر کر تباہ ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رومانیہ کی وزارت دفاع نے ہیلی کاپٹر آئی اے آر 330 کو حادثے کے نتیجے میں 7 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں پانچ کریو ممبران بھی تھے جن میں سے دو بحریہ کے تیراک تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد بھی مگ 21 ائیرکرافٹ اور اس کے پائلٹ کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، لاپتا جہاز کے پائلٹ نے خراب موسم کی اطلاع دی تھی جس پر اسے واپس بیس آنے کی ہدایت دی گئی لیکن پائلٹ واپس نہ آ سکا جس کے بعد جہاز کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔







