جنرل اسمبلی میں یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف بھاری اکثریت سے قرارداد منظور

03 مارچ, 2022 14:27

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کرتے ہوئے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین سے فوری طور پر اپنی افواج واپس بلا لے۔

یوکرین پر روس کے حملے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں دو دن تک زبردست بحث ہوئی جس میں یوکرین کے سفیر نے روس پر نسل کشی کا الزام عائد کیا۔

جنرل اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد کے حق میں 193 میں سے 141 اراکین نے ووٹ دیا جبکہ چین اور پاکستان سمیت 35 اراکین نے ووٹنگ میں شرکت نہیں کی۔

مذکورہ قرارداد کے خلاف روس کے ساتھ ساتھ شام، شمالی کوریا، اریٹیریا اور بیلاروس نے ووٹ دیا۔

قرارداد میں یوکرین پر روس کے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی جبکہ صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے جوہری افواج کو الرٹ رکھنے کے فیصلے کی بھی مذمت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ نے روس کی 22 دفاعی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں

دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف میں جنگ تیز ہوگئی ہے جبکہ اطلاعات ہیں کہ کیف ، سومی اور چرنیھف میں روسی فوج کے کئی فوجی کانوائے تباہ کردیئے گئے ہیں ۔

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں شدید لڑائی کی خبریں موصول ہورہی ہیں اس درمیان روسی فوج نے جہاں خرسون شہر پر قبضہ کرلیا ہے وہیں اس کے چار سو سے زائد فوجی اس جنگ میں مارے گئے ہیں جس کا خود روس نے اعتراف کیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ایگور کوناشنکوف نے روس یوکرین جنگ میں مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ یوکرین کی مسلح افواج اور مسلح قوم پرستوں کے دوہزار آٹھ سو ستر سے زائد فوجی اور مسلح افراد مارے گئے ہیں ۔ جبکہ ان کے تین ہزار سات سو افراد زخمی ہوئے ہیں اور پانچ سو بہتر یوکرینی فوجیوں کو قیدی بنا لیا گیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے مزید کہا کہ خصوصی فوجی آپریشن میں شرکت کرنے والی ہماری فوج کو بھی نقصان ہوا ہے اور اب تک چارسو اٹھانوے روسی فوجی مارے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو لازمی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔

10:18 صبح اپریل 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔