اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی قرارداد منظور
شیعیت نیوز: سلامتی کونسل میں یوکرائن سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج بلانے کی قرارداد منظور ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق روس نے قرارداد کی مخالفت کی تاہم وہ قواعد کے باعث جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس نہیں روک پایا۔
اس سے قبل یوکرائن میں جاری جنگ کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں امریکی حمایت سے پیش کی گئی قرارداد منظور نہیں ہوسکی تھی۔
رپورٹس کے مطابق سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد کو روس نے ویٹو کردیا تھا۔ البتہ سلامتی کونسل میں روس کی مخالفت کے باوجود جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی قرارداد منظور ہوگئی ہے۔
دوسری جانب روسی فوج یوکرین کے شہر خار کیف پر قبضہ کرنے میں تاحال ناکام رہی ہے، دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان خونریز جھڑپیں جاری ہیں۔
15 لاکھ کی آبادی والا شہر خار کیف دارالحکومت کیف کے بعد یوکرین کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ یوکرین کے صدارتی آفس کے مطابق روس کی فوج نے خار کیف شہر میں گیس پائپ لائن اڑا دی۔
یہ بھی پڑھیں : یورپ نے روسی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دیں
یوکرینی حکام کے مطابق گیس پائپ لائن کی تباہی ماحولیات کے لیے تباہ کن ہو سکتی ہے۔ حکام نے لائن کی تباہی کے بعد خارج ہونے والی گیس کے اثرات سے بچنے کے لیے شہریوں کو کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
یوکرینی حکام کی جانب سے خارج ہونے والی گیس کے ماحولیاتی اثرات سے بچنے کے لیے خار کیف کے شہریوں کو مائع چیزیں پینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دریں اثنا چیچن جمہوریہ کے سربراہ رمضان قدیروف کا کہنا ہے کہ چیچن فوجیوں کو ابھی تک کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے، روسی افواج آسانی سے یوکرین کے بڑے شہروں پر قبضہ کرسکتی ہیں، بشمول دارالحکومت کیف لیکن روسی فوج کی پوری کوشش ہے کہ جانی نقصان کم سے کم ہو۔
واضح رہے کہ قدیروف خود کو پوٹن کا "فُٹ سولجر” قرار دیتے ہیں۔ قادروف اس سے قبل شام اور جارجیا میں بھی روس کی فوجی کارروائیوں کی حمایت کے لیے اپنی افواج تعینات کرچکے ہیں۔
1991ء میں سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد، روس نے مسلم علاقے چیچنیا میں علیحدگی پسندوں کے ساتھ دو خونریز جنگیں لڑی تھیں، لیکن اس کے بعد روس نے اس علاقے کی تعمیر نو کے لیے خطیر رقم خرچ کی اور قدیروف کو وسیع پیمانے پر خطے کے انتظامات چلانے کیلئے خود مختاری دی۔






