عراق

ایران و سعودی عرب مذاکرات کا پانچواں دور بھی عنقریب شروع ہو جائیگا، قاسم الاعرجی

شیعیت نیوز: عراق کے اپنے سرکاری دورے پر بغداد میں موجود اعلی قومی دفاعی یونیورسٹی، تہران (دانشگاہ عالی دفاع ملی) کے ہیڈ اسمعیل احمدی مقدم نے قومی دفاعی ماہرین پر مشتمل اپنے وفد کے ہمراہ آج سہ پہر عراقی مشیر برائے قومی سلامتی قاسم الاعرجی کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے لئے منافع بخش میدانوں میں باہمی تعاون کی توسیع کا جائزہ لیا گیا۔

عراقی ای مجلے ناس نیوز کے مطابق اس ملاقات میں قاسم الاعرجی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تہران اور بغداد کے باہمی تعلقات انتہائی تزویراتی اور تاریخی ہیں، تاکید کی کہ دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔

اپنی گفتگو کے دوران عراقی مشیر برائے قومی سلامتی نے بغداد میں جاری ایران۔سعودی عرب مذاکراتی عمل کی جانب اشارہ کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران و سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا ممکنہ معاہدہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لئے اہم ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ و مغرب روس کو ’’میڈیا دہشت گردی‘‘ کا نشانہ بنا رہا ہے، وزیرخارجہ فیصل المقداد

اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے اس بارت پر زور دیتے ہوئے کہ عراق اس ممکنہ معاہدے کا پرزور حامی ہے، کہا کہ بغداد کو امید ہے کہ ایران۔سعودی عرب مذاکرات کا پانچواں دور بھی جلد ہی شروع ہو جائے گا۔

دوسری جانب سپریم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سربراہ اسمعیل احمدی مقدم نے بھی تاکید کی کہ ہم، دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد کے حوالے سے عراق کے ساتھ وسیع تعاون اور تجربات کے تبادلے کے لئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی گزشتہ روز جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں ایران۔سعودی عرب مذاکرات کے پانچویں دور کے عنقریب آغاز کا اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے فیصل بن فرحان نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ اپنے مذاکرات کے پانچویں دور کے آغاز کا منتظر ہے گو کہ (ان مذاکرات میں) تاحال کوئی بنیادی پیشرفت بھی حاصل نہیں ہوئی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button