شیخ جراح پر اسرائیلی فوجیوں کا حملہ، 3 زخمی، ناصر قدوہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ

22 فروری, 2022 09:26

شیعیت نیوز: غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے ایک بار پھر مقبوضہ بیت المقدس کے شیخ جراح محلے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی زخمی ہوئے۔ دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی نے فلسطین نیشنل فورم کے سربراہ ناصر قدوہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا۔

مقبوضہ بیت المقدس کا شیخ جراح محلہ، گذشتہ کئی دنوں سے انتہا پسند صیہونیوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں کی زد میں رہا ہے۔ اس محلے میں رہنے والے فلسطینی خاندانوں کو ان کا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے کل شیخ جراح محلے پرحملہ کیا۔ شیخ جراح کے لوگوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جان دے دیں گے لیکن اپنے وطن کی حفاظت کرتے رہیں گے۔

شیخ جراح کے باشندوں کو ان کے گھروں سے باہر نکالنے کے صیہونی حکومت کے فیصلے کی عالمی سطح پر ہر طرف سے مذمت کی جا رہی ہے اور منگل کے روز فلسطینیوں نے اس علاقے کے باشندوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شیخ جراح میں اجتماع کرنے کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کے ملک عبدالله ائیر پورٹ پر ڈرون حملہ، 4 زخمی

مقبوضہ بیت المقدس میں حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے شیخ جراح پر صیہونی انتہاپسندوں اور صیہونی فوجیوں کے حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شیخ جراح محلے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فوجیوں اور انتہاپسندوں کا حملہ کھلی جارحیت اور آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ پورا فلسطین پوری طاقت سے بیت المقدس کی حفاظت کے لئے اٹھ کھڑا ہوگا۔

دوسری جانب القدس پریس کے مطابق ناصر قدوہ نے ایک پریس بیان میں کہا کہ فلسطینی اتھارٹی نے میرے عہدوں اور فیصلوں کی وجہ سے میرا سفارتی پاسپورٹ واپس لے لیا ہے مگر فلسطینی اتھارٹی کے اس اقدام سے میرے فیصلوں اور اصولوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

فتح سنٹرل کمیٹی کے ایک سابق رکن ناصر قدوہ  نے تصدیق کی کہ رام اللہ اتھارٹی نے ان کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ فلسطینی بنیادی قانون کے سفارتی پاسپورٹ نظام کی واضح خلاف ورزی ہے جو مجھے پاسپورٹ حاصل کرنے کے حق کی ضمانت دیتا ہے، کیونکہ میں نے سابق سفیر کے طور پر کام کیا اور وزارت خارجہ میں بیس سال انجام دینے کے ساتھ سابق وزیر خارجہ کے طورپر کام کیا۔

ناصر قدوہ نے نشاندہی کی کہ یہ اقدامات اتھارٹی میں آمرانہ روش کی ذہنیت کی تصدیق کرتے ہیں۔ انہوں نے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کیے جانے کا معاملہ عدالت میں لے جانے کا بھی اعلان کیا۔

2:22 شام اپریل 9, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔