عراق

بغداد بین الاقوامی ایئرپورٹ پر حملے سے متعلق عراقی وزیراعظم پر حقائق چھپانے کا الزام

شیعیت نیوز: عراق کی شیعہ کوآرڈینیشن کمیٹی نے وزیراعظم مصطفی الکاظمی پر بغداد بین الاقوامی ایئرپورٹ پر حملے سے متعلق حقائق کوچھپانے اور اسٹریٹیجک غلطی کے ارتکاب کا الزام عائد کیا ہے۔

عراقی ذرائع ابلاغ نے دو ہفتے قبل بغداد بین الاقوامی ایئرپورٹ پر راکٹ حملے کی خبریں شائع کی تھیں اور کہا گیا تھا کہ چھے راکٹ قومی ایئر لائن کے ہوائی جہازوں کی پارکنگ لائن پر گرے ہیں جن سے دو ہوائی جہازوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔

عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کے خفیہ ادارے اس واقعے کی تحقیقات کے دوران بعض دہشت گرد عناصر تک پہنچ گئے ہیں تاہم انہوں نے اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا کہ یہ دہشت گرد کون ہیں اور ان کا تعلق کس گروپ ہے۔

نیوز ایجنسی المعلومہ کے مطابق عراق کی شیعہ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے رکن جبار المعموری نے کہا ہے کہ وزیراعظم مصطفی الکاظمی بغداد ایئر پورٹ حملے میں ملوث عناصر کی شناخت چھپا کر رائے عامہ کو منفی پیغام دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کو لبنان میں داخلے کی اجازت نہیں!، حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل

جبار المعموری نے کہا کہ عراقی قوم یہ بات جاننے کا حق رکھتی ہے کہ وہ کون لوگ ہیں جو ہمارے ملک میں تخریبی اقدامات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بغداد ایئر پورٹ پر حملہ ہمارے اقتدار اعلی پر حملہ ہے اور اس پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

اس سے پہلے کتائب حزب اللہ کے ایک اعلی عہدیدار ابوعلی العسکری نے ملک کے سیکورٹی اداروں اور عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی پر زور دیا تھا کہ وہ بغداد بین الاقوامی ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کا پتہ لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کے خلاف ایسے اقدامات کی اعلی عہدوں پر فائز بعض غداروں کی جانب سے حمایت کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران عراقی دارالحکومت بغداد کے مختلف علاقوں خاص طور سے بین الاقوامی ایئر پورٹ کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button