ایران کے مقدس شہر قم میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کا انعقاد، مختلف ممالک سے علمائے کرام اور اسکالرز کی شرکت
شیعیت نیوز: کشمیر بلادِ اسلامیہ کا حصّہ ہے ، ہم اسے فراموش نہیں کر سکتے۔ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے ہم سخت رنجیدہ ہیں۔ مظلوم کشمیریوں کا دکھ ہم سب کا دکھ ہے۔ عالمی برادری کو انسانی حقوق اور احترامِ آدمیّت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیریوں کو اُن کا حق دلانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار اسلامی جمہوریہ ایران میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کشمیر کانفرنس میں کیا گیا۔
کانفرنس سے عراق، یمن، بحرین،شام،آذربائیجان، ایران ، قزاقستان، ترکمانستان، پاکستان، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے ممتاز دانشوروں اور علمائے کرام نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو خداوندِ عالم کی مدد و نصرت پر انحصار کرتے ہوئے استقامت کے ساتھ اپنی جدوجہد کو آگے بڑھاتے رہنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: عمرانی اموی دور حکومت میں ایک اور شیعہ عالم پر توہین صحابہ ؒ کا جھوٹا مقدمہ درج کردیا گیا
انہوں نے کہا کہ اپنے آئینی ، اخلاقی ،سیاسی اور دینی حقوق کیلئے جہاد کرنے والے کبھی تھکا نہیں کرتے۔ کشمیریوں نے گزشتہ چوہتر سالوں میں جو انتھک جدوجہد کی ہے وہ اپنا رنگ ضرور دکھائے گی۔کانفرنس کا اہتمام سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نے ایران کے شہر قم میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے تعاون سے کیا۔ کانفرنس سے آقا نذر حافی، ڈاکٹر سید شفقت شیرازی، آقا احمد میر کشمیری،ڈاکٹر علی اکبر باراتی، محترم احمد شامی، شیخ حسین کریمو، اور سید مرتضی سمیت متعدد شرکا نے گفتگو کی۔
5فروری کو اس کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا اور کانفرنس کا افتتاحی بیانیہ محترم نذر حافی نے بیان کیا جبکہ اس کانفرنس کے ایجنڈے کی اہمیت اور مقاصد پر حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے روشنی ڈالی۔ یاد رہے کہ سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کی طرف سے ۵فروری کے حوالے سے عرب سوشل میڈیا پر ایک موثر اور منظم کمپین بھی چلائی گئی ہے۔







