جشن ولادت باسعادت دخترپیغمبراکرم ؐ حضرت فاطمہ زہرا ؑ پاکستان سمیت دنیا بھرمیں انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جارہاہے
شیعیت نیوز: 20جمادی الثانی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کو امام خمینیؒ کے فرمان پردنیابھر میں یوم خواتین اور یوم مادر کے طور پر منایا جاتا ہے۔
دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ بیس جمادی الثانی ہجرت سے آٹھ سال قبل پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جناب خدیجہ الکبری سلام اللہ علیھا کے بیت الشرف میں اس دنیا میں تشریف لائیں-
شہزادی کونین اعلی الہی اور انسانی کمالات و فضائل کی حامل تھیں- آپ کی الہی فضیلت میں یہی کافی ہے کہ آپ جب بھی بزم رسالت میں تشریف لاتیں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگے بڑھ کر آپ کا استقبال کرتے اور بی بی دوعالم کو اپنی جگہ پر بٹھاتے-
یہ بھی پڑھیں: زائرین کو درپیش مشکلات، ایم این اے ساجد طوری کی قافلہ سالاروں کے ہمراہ ایرانی سفیر سے ملاقات
ام ابیہا، صدیقہ کبری، حضرت فاطمہ زہرا(س) پوری دنیا کی خواتین کے لئے بہترین اور مثالی نمونہ قرار پائیں۔ آپ (س) کے یوم ولادت باسعادت، کہ جس تاریخ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رہ) کا بھی یوم ولادت ہے، اسلامی جمہوریہ ایران میں یوم خواتین اور روز مادر سے مناسبت رکھتا ہے اور اس دن پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں خواتین اور خاص طور سے ماؤں کے مقام و کردار کی قدردانی کی جاتی ہے-
شہزادی کونین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی ولادت با سعادت کی سالگرہ کی مناسبت سے اس وقت پوری دنیا میں بسنے والے شیعیان حیدر کرارؑ میںجشن کا سماں ہے اور یہ سلسلہ کل رات سے شروع ہوا جو آج رات تک جاری رہے گا۔ اس مبارک موقع پرہر طرف لوگ جشن منا رہے ہیں اور جگہ جگہ مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں-
ایران کے مقدس شہروں مشہد اور قم میں دسیوں ہزار عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں موجود ہیں اور بی بی دو عالم کی ولادت با سعادت کا جشن منا رہے ہیں-
جبکہ عراق کے مقدس شہر نجف اشرف اور کربلائے معلیٰ میں بھی اس وقت دنیا بھرسے لاکھوں زائرین موجود ہیں جو حرم ہائے اہل بیتؑ میں اپنی جدہ حضرت فاطمہ زہراؑ کی ولادت باسعادت کا جشن منانے میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی بڑی مساجد وامام بارگاہ پر دہشت گردوں کے حملوں کا خطرہ، تھریٹ الرٹ جاری
پاکستان ،عراق اور ہندوستان سمیت دنیا کے گوشہ و کنار سے خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ شہزادی کونین کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جگہ جگہ جشن اور محفل میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہےجبکہ گلی کوچوں اور امام بارگاہوں میں چراغاں بھی کیا جارہا ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت پردنیابھرمیں یوم مادر اور یوم خواتین بھی منایا جاتا ہے- اس مبارک موقع پرشیعیت نیوزنیٹ ورک اپنے تمام ناظرین، سامعین اور چاہنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔







