مقبوضہ فلسطین

ناجائز صیہونی حکومت کے ہاتھوں متعدد فلسطینی گاؤں 190ویں بار تباہ، 22 زخمی، 20 گرفتار

شیعیت نیوز: ناجائز صیہونی حکومت کے ناجائز قبضے کے خلاف مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع صحرائے نقب کے قدیم فلسطینی باشندوں کی جانب سے گذشتہ 70 سالوں پر محیط مزاحمتی سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ناجائز صیہونی حکومت کے فوجی صحرائے نقب میں شجرکاری کے بہانے داخل ہوئے جس کے بعد انہوں نے اپنے ہمراہ لائے گئے متعدد بلڈوزروں اور دوسری بھاری مشینری کے ذریعے وہاں آباد قدیم فلسطینیوں کے متعدد گاؤں پر حملہ کر کے انہیں مسمار کر دیا ہے۔

روسی خبررساں ایجنسی رشیاٹوڈے کے مطابق الاطریش و السعودہ سمیت مسمار کئے جانے والے متعدد فلسطینی گاؤں خیموں کی صورت میں آباد تھے کیونکہ ناجائز صیہونی حکومت کی جانب سے قبل ازیں بھی ان دیہاتوں کو سینکڑوں مرتبہ تباہ کیا جا چکا ہے جبکہ ان کے اہالی قدیم فلسطینی باشندوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے آباؤ اجداد کے زمانے سے ان دیہاتوں میں مقیم ہیں جہاں ان کی آباد آبائی زمینیں اور زیتون سے بھرے باغات بھی موجود ہیں درحالیکہ غاصب صیہونی حکومت 260 مربع کلومیٹر کے اس علاقے سے قدیم فلسطینی باشندوں کو زبردستی کوچ پر مجبور کر کے اس سرزمین پر بھی ناجائز قبضہ جمانا چاہتی ہے تاہم وہ اپنی آبائی زمینیں ہرگز نہیں چھوڑیں گے!

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی نے اپنے ہی دو افسران کو ہلاک کردیا

رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں اور مقامی فلسطینی باشندوں کے درمیان گذشتہ 2 روز سے جاری کشمکش کے دوران تاحال 22 فلسطینی زخمی اور 20 گرفتار کئے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت اس وسیع علاقے سے قدیم فلسطینی باشندوں کو نکال باہر کرنے کے لئے گذشتہ 70 سال سے کوشاں ہے جبکہ سال 2010ء میں ایک صیہونی عدالت کی جانب سے ان فلسطینی آبادیوں کو غیرقانونی قرار دے دیا گیا تھا جس کی بناء پر اس علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کی جعلی تشکیل سے قبل کے فلسطینی گھروں کو بھی مسمار کر کے ان کے مکینوں کو جبری طور پر جلاوطن کر دیا گیا تاہم فلسطینی باشندوں نے موجود وسائل کے ہمراہ اپنے مذکورہ گاؤں دوبارہ آباد کر لئے جبکہ ناجائز صیہونی حکومت کی جانب سے متعدد دیہاتوں کی مسماری اور فلسطینی باشندوں کی جانب سے ان کی دوبارہ تعمیر کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے درحالیکہ اس دوران غاصب صیہونی 190 مرتبہ مذکورہ فلسطینی دیہات مسمار کر چکے ہیں۔

مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع صحرائے النقب میں کل 40 قدیم فلسطینی گاؤں ہیں جبکہ غاصب صیہونی حکومت سال 1951ء سے ان کے مکمل خاتمے اور قدیم فلسطینیوں کی بے دخلی کی کوششوں میں مصروف ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button