شہید قاسم سلیمانی نے قدس کی آزادی کو انتہائی قریب کر دیا ہے، زیاد الصغیر

شیعیت نیوز: مزاحمتی محاذ کے شہید کمانڈروں کی دوسری برسی کی مناسبت سے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں فلسطینی آزادی کی قومی تحریک کے سربراہ زیاد الصغیر نے تاکید کی ہے کہ دشمنوں نے جنرل قاسم سلیمانی اور حاج ابومہدی المہندس کی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے سوچ رکھا تھا کہ مزاحمتی محاذ کمزور پڑ جائے گا اور فلسطینی جدوجہد ختم ہو جائے گی تاہم ایسا نہیں ہوا۔
یو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے زیاد الصغیر نے کہا کہ گذشتہ ماہ رمضان میں غاصب صہیونی دشمن کے جرائم کے خلاف انجام دیئے جانے والے کامیاب سیف القدس مزاحمتی آپریشن نے ثابت کر دکھایا ہے کہ مزاحمتی محاذ کی طاقت نہ صرف کم نہیں ہوئی بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی فلسطینی مزاحمتی محاذ کے تمام آپریشنوں کی باہمی ہم آہنگی پر بنفس نفیس خود نگرانی کیا کرتے تھے جبکہ ان کی اس مزاحمتی حکمت عملی نے قدس کی آزادی کو اب گذشتہ کسی بھی وقت کی نسبت بہت زیادہ قریب کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کی فلسطینی آزادی کی جانب یہی پیشرفت تھی جس نے امریکہ و غاصب صیہونی حکومت سمیت تمام دشمنوں کو خوف میں مبتلاء کر دیا تھا کیونکہ تمام فلسطینی مزاحمتی گروہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی جانب سے اختیار کردہ حکمت عملی پر پوری طرح متفق تھے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی غلط حساب کتاب جاری ہے، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای
دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے گذشتہ روز مصر میں پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ مصر کے علاقے سینا کے جنوب میں ٹریفک حادثے میں اموات پر حماس دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حادثے میں فوت ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم اس المناک حادثے میں برادر مصری قوم کے دکھ اور مشکل کی گھڑی میں اس کے ساتھ ہیں۔
بیان میں جمہوریہ مصر، مصری حکومت اور عوام سے بھی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روزمصر کے جزیرہ نما سینا میں ٹریفک حادثے میں 16 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے۔